وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات پر صوبائی حکومت نے کوئٹہ اور تربت کے شہریوں کے لیے 21 نئی بسیں خرید لیں۔ ان میں سے 17 بسیں کوئٹہ اور 4 بسیں تربت کے لیے مخصوص کی گئی ہیں۔
سیکریٹری ٹرانسپورٹ محمد حیات کاکڑ کے مطابق کوئٹہ میں خواتین کے لیے 5 پنک بسیں مخصوص کی گئی ہیں، جبکہ 12 گرین بسیں مختلف روٹس پر چلائی جائیں گی۔ بسوں کی انسپیکشن اور شپمنٹ مکمل ہو چکی ہے اور جلد عوام کے لیے آغاز کر دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: کوئٹہ: تعلیم کا دامن چھوڑنے والے بچے اسکولوں کو کیسے لوٹے
سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ اس منصوبے سے شہریوں کو آرام دہ، محفوظ اور باوقار سفر کی سہولت میسر ہوگی، اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ بسوں کے آغاز کے بعد روزانہ قریباً 40 تا 50 ہزار مسافر سفر کر سکیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان کا مقصد شہریوں کو جدید اور معیاری ٹرانسپورٹ فراہم کرنا ہے تاکہ عوام کے لیے سہولت اور سہل سفری ماحول یقینی بنایا جا سکے۔