وزارت مذہبی امور نے عشرہ رحمت للعالمین ﷺ کے پروگراموں کا اعلان کردیا

پیر 25 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے اعلان کیا ہے کہ سال 1447 ہجری کو نبی کریم ﷺ کی 1500 ویں ولادتِ باسعادت کے طور پر منایا جائے گا۔ اس موقع پر یکم تا 12 ربیع الاول ملک بھر میں ’’عشرہ رحمت للعالمین ﷺ‘‘ بھرپور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ربیع الاول کا چاند نظر نہیں آیا، عید میلادالنبیﷺ 6 ستمبر کو ہوگی

وفاقی وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری اعلامیے میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف سے کہا ہے کہ عشرہ رحمت للعالمین ﷺ کا سب سے نمایاں پروگرام اسلام آباد میں ہونے والی 50 ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس ہے، جس میں علما، اسکالرز، حکومتی شخصیات، سفارت کار اور دنیا بھر سے مہمان شریک ہوں گے۔ اس سال کانفرنس کا مرکزی موضوع ہے،’سوشل میڈیا کے مفید استعمال کی تعلیم و تربیت میں ریاستی ذمہ داریاں، سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں‘۔

سردار محمد یوسف کا کہنا ہے کہ اس دوران ملک بھر میں صوبائی سطح پر سیرت کانفرنسیں، محافلِ نعت، سیمینارز اور مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ تعلیمی اداروں میں تقریری مقابلے، آگاہی پروگرام اور خصوصی تقاریب کا اہتمام ہوگا تاکہ نوجوان نسل سیرت النبی ﷺ سے رہنمائی حاصل کرے اور سوشل میڈیا سمیت جدید ذرائع ابلاغ کو مثبت انداز میں استعمال کرنا سیکھ سکے۔

یہ بھی پڑھیں: ’جس سہانی گھڑی چمکا طیبہ کا چاند‘: ربیع الاول کا آغاز کس دن ممکن؟

ان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں بین الاقوامی سیرت کانفرنس کے ساتھ ایک قومی’قرآن و سیرت نمائش‘بھی منعقد ہوگی، جبکہ 11 ربیع الاول کی شب قومی محفلِ نعت کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ قومی مقابلہ کتب سیرت، نعت و مقالات میں نمایاں پوزیشن لینے والوں کو انعامات سے نوازا جائے گا۔

وزارت مذہبی امور نے صوبائی حکومتوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے کہا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں بھرپور تقریبات منعقد کریں اور رپورٹس و تصاویر وزارت کو ارسال کریں تاکہ ایک جامع قومی رپورٹ تیار کی جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں: ماہ ربیع الاول میں بین الاقوامی سیرت النبیﷺ کانفرنس بھرپور انداز سے منانے کی تیاریاں جاری

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ موقع صرف تقریبات تک محدود نہیں بلکہ قومی عزم کا اظہار ہے کہ ہم نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے نئی نسل کی کردار سازی کریں، امن، محبت اور رواداری کو فروغ دیں اور جدید ٹیکنالوجی کو تعمیری مقاصد کے لیے استعمال کریں۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ عشرہ رحمت للعالمین ﷺ کی تقریبات میں بھرپور شرکت کریں اور غریبوں، ناداروں اور سیلاب سے متاثرہ عوام کی مدد کریں۔ آخر میں وزیر نے میڈیا نمائندگان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا ان تقریبات کی کوریج اور سیرت النبی ﷺ کے فروغ میں اپنا اہم کردار ادا کرے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp