محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 15 اگست سے جاری بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث صوبے کے مختلف اضلاع میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی۔
رپورٹ کے مطابق، اب تک مختلف حادثات میں مجموعی طور پر 406 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں 131 مرد، 167 خواتین اور 108 بچے شامل ہیں۔ زخمیوں کی تعداد 245 بتائی گئی ہے، جس میں 121 مرد، 92 خواتین اور 32 بچے شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: 25 اور 26 اگست کو موسلادھار بارش سے کون کون سے علاقوں میں سیلاب کا خدشہ؟
مالی نقصان کے حوالے سے ابتدائی رپورٹ کے مطابق، مجموعی طور پر 2810 گھر متاثر ہوئے ہیں، جن میں سے 2136 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا اور 674 گھر مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔ سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بونیر میں اب تک 237 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق حادثات صوبے کے اضلاع سوات، بونیر، باجوڑ، مانسہرہ، شانگلہ، دیر لویر، بٹگرام، ڈی آئی خان اور صوابی میں پیش آئے۔ متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور متاثرین کو فوری معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: سندھ میں شدید بارشوں کا الرٹ: کراچی، حیدرآباد، سکھر اور ملحقہ علاقوں میں سیلاب کا خطرہ
پی ڈی ایم اے اور تمام متعلقہ ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور رابطے میں ہیں۔ ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے، جبکہ عوام کسی بھی غیر متوقع واقعے یا موسمی صورتحال سے آگاہی کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور محفوظ مقامات پر رہیں تاکہ کسی بھی غیر ضروری نقصان سے بچا جا سکے۔