گوگل نے دنیا بھر کے 2 ارب 50 کروڑ جی میل صارفین کو عالمی سطح کے ایک بڑے سائبر حملے کے بعد الرٹ جاری کر دیا ہے۔
کمپنی کے مطابق ہیکرز نے 8 سے 18 اگست کے دوران اوپن آتھرائزیشن (OAuth) ٹوکنز کو ہیک کر کے نہ صرف جی میل کے صارفین کو متاثر کیا بلکہ سیلز فورس کے ڈیٹا بیس تک بھی رسائی حاصل کر لی۔ گوگل کے تھریٹ انٹیلیجنس گروپ نے اس ہیکر گروہ کی شناخت “UNC6395” کے نام سے کی ہے جو سیلز فورس کے صارفین کا ڈیٹا چرانے کی مہم میں ملوث رہا اور اس مقصد کے لیے Salesloft Drift ایپ کے کمپرومائزڈ ٹوکنز استعمال کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیے: گوگل میپس کی غلطی: فیملی وین دریا میں بہہ گئی، 3 ہلاک ایک بچہ لاپتا
کمپنی کا کہنا ہے کہ اگرچہ انٹرپرائز سطح پر اس سائبر حملے کو ختم کر دیا گیا ہے لیکن جی میل صارفین کو سخت حفاظتی اقدامات اپنانے کی ضرورت ہے۔ متاثرہ صارفین کو ای میل نوٹیفکیشن موصول ہو رہے ہیں جن میں انہیں پاس ورڈ تبدیل کرنے اور اکاؤنٹ محفوظ بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
گوگل نے کہا ہے کہ صارفین اپنے اکاؤنٹ کی سیکیورٹی چیک اپ کریں، مضبوط پاس ورڈ رکھیں، دوہری توثیق کا نظام (ٹو فیکٹر آتھنٹیکیشن) آن کریں، غیر شناخت شدہ ڈیوائسز سے سائن آؤٹ ہوں، مشکوک ایپس سے تھرڈ پارٹی ایکسیس ختم کریں اور اپنے لاگ ان ہسٹری پر مسلسل نظر رکھیں۔
گوگل کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر صارفین ان احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تو مستقبل میں ہیکرز کا نشانہ بننے کے امکانات نمایاں طور پر کم ہو جائیں گے۔














