نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 30 اگست سے 2 ستمبر کے دوران کراچی میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں 29 اگست سے 2 ستمبر تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ 30 اور 31 اگست کو پنجاب کے شمالی اور شمال مشرقی اضلاع میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: صدر آصف زرداری کا سیلاب متاثرین سے اظہار افسوس، سندھ حکومت کو فوری تیاری کی ہدایت
راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، نارووال، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین میں 30 اور 31 اگست کو بارش کی پیش گوئی ہے۔
29 سے 31 اگست کے دوران وسطی اور جنوبی پنجاب میں بھی بارش کا امکان ہے جس سے نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے۔ ملتان، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، لیہ، بھکر، ساہیوال، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں بھی بارش کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا میں 29 سے 31 اگست تک موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ چترال، دیر، سوات، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، نوشہرہ، مردان، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، کوہاٹ اور بنوں میں بھی بارش کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیے: سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب
آزاد کشمیر کے اضلاع مظفرآباد، باغ، حویلی، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں 29 اگست سے 2 ستمبر کے دوران شدید بارشوں کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان میں بھی 29 سے 31 اگست کے دوران بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کی پیش گوئی ہے، خاص طور پر گلگت، سکردو، ہنزہ، دیامر، استور، غذر اور گانچھے میں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق کراچی، ٹھٹھہ، سجاول، بدین اور تھرپارکر میں 30 اگست سے 2 ستمبر تک بارشیں متوقع ہیں جبکہ حیدرآباد، دادو، سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، جیکب آباد اور کشمور میں 30 اگست سے یکم ستمبر کے دوران بارش کا امکان ہے۔ اس دوران کراچی میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری طرف بلوچستان کے اضلاع گوادر، کیچ، پنجگور، خضدار، لسبیلہ اور قلات میں بھی 29 اگست سے یکم ستمبر کے دوران بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔














