‘پائرٹس آف دی کیریبین’ فلم سیریز سے شہرت حاصل کرنے والے معروف ہالی ووڈ اداکار جانی ڈیپ طویل عرصے کے وقفے کے بعدانڈسٹری میں اپنی واپسی کے لیے تیار ہیں۔
ڈیپ کے کیریئر کو اُس وقت بڑا دھچکا لگا جب اُن کی سابقہ اہلیہ امبر ہرڈ کے ساتھ طویل اور متنازعہ قانونی جنگ شروع ہوئی۔ اس دوران انہیں نہ صرف بڑے پراجیکٹس سے نکال دیا گیا بلکہ ہالی وڈ کی دنیا سے باہر کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: مشہور فلم ’پائریٹس آف دی کیریبین‘ کے اداکار شارک کے حملے میں ہلاک
تاہم 2022 میں اپنی بیگم امبر ہرڈ کے خلاف ہتکِ عزت کے مقدمے میں کامیابی کے بعد جانی ڈیپ آہستہ آہستہ اپنی ساکھ اور مقام بحال کررہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق وہ غیر ملکی فلموں میں نظر آچکے ہیں اور اب دوبارہ ہالی ووڈ سے جڑنے کے لیے تیار ہیں۔
عدالتی فیصلے کے نتیجے میں جانی ڈیپ کو 10 ملین ڈالرز ہرجانے کے طور پر ملے جس کے بعد اُن کے چند ہالی ووڈ ساتھیوں نے اُن کے لیے حمایت کا اظہار کیا۔ ان کے ‘پائرٹس آف دی کیریبین’ ساتھی اداکار اورلینڈو بلوم نے ان کے حق میں بیان دیا جبکہ فلم پروڈیوسر جیری بروکہائمر نے بھی کہا کہ اگر کردار کا اسکرپٹ جانی ڈیپ کو پسند آیا تو وہ ان کی واپسی کی حمایت کریں گے۔














