نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پنجاب کے مختلف سیلاب زدہ اضلاع میں متاثرہ خاندانوں کے لیے امدادی راشن کی ترسیل شروع کر دی ہے۔ یہ اقدام وزیراعظم پاکستان کی ہدایت اور پی ڈی ایم اے پنجاب کی درخواست پر اٹھایا گیا ہے تاکہ متاثرہ آبادی کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں 3 ستمبر تک سیلابی صورت حال جاری رہنے کا خدشہ، سندھ اور بلوچستان میں بھی خطرات
این ڈی ایم اے کے مطابق سیالکوٹ اور نارووال کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے 500،500 راشن بیگز بھجوائے گئے ہیں، امدادی سامان پر مشتمل کل 8 ٹرکوں کا قافلہ روانہ کیا گیا ہے۔ ہر راشن بیگ 46 کلوگرام وزنی ہے اور اس میں 22 بنیادی اشیائے خوردونوش شامل ہیں۔ یہ سامان متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے ذریعے متاثرہ خاندانوں تک پہنچایا جائے گا۔
وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر این ڈی ایم اے کی سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف و ریسکیو آپریشن کیلئے معاونت جاری۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب کی درخواست پر این ڈی ایم اے نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں سیالکوٹ 500 اور نارووال کے لیے 500 راشن بیگز مہیا کر دئیے۔ pic.twitter.com/7vk8j1WXoW
— NDMA PAKISTAN (@ndmapk) August 30, 2025
این ڈی ایم اے نے مزید بتایا ہے کہ وزیرآباد کے لیے 500، حافظ آباد کے لیے 500، چنیوٹ کے لیے 1000 اور جھنگ کے لیے 1200 راشن بیگز بھجوانے کا پلان بھی تیار کیا گیا ہے۔ اس طرح مجموعی طور پر 4 ہزار 200 راشن بیگز پنجاب کے آفت زدہ علاقوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ امدادی راشن پیک سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی فوری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔ ان بیگز میں کھانے پینے کی بنیادی اشیا اور ضروری سامان شامل ہے۔
این ڈی ایم اے نے واضح کیا ہے کہ صوبائی حکومت اور دیگر متعلقہ ادارے امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ متاثرین کو بروقت سہولت فراہم کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: سیلاب کے دوران بروقت امدادی کارروائیاں، سکھ کمیونٹی کا فیلڈ مارشل اور پاک فوج کو خراج تحسین
واضح رہے کہ پنجاب میں شدید بارشوں اور بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کے باعث سیلابی صورت حال ہے، اور مختلف واقعات میں اب تک 30 لوگ جان کی بازی ہار گئے ہیں، جبکہ لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔














