برطانوی شاہی خاندان کے افراد کونسے کھانے کھاتے ہیں اور کن کھانوں کو ہاتھ نہیں لگاتے؟

اتوار 31 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیٹ فلکس کے نئے سیزن ‘وِد لو، میگھن’ میں ڈچس آف سسیکس میگھن مارکل نے مشہور شیف خوسے آندریس کے سامنے دلچسپ انکشاف کیا کہ ان کے شوہر پرنس ہیری کو لابسٹر پسند نہیں۔ اس پر آندریس نے ہنستے ہوئے جواب دیا اور آپ نے پھر بھی ان سے شادی کر لی؟

رپورٹس کے مطابق برطانوی شاہی خاندان میں کھانے پینے کے حوالے سے کئی دلچسپ روایات موجود ہیں۔ سابق شاہی بٹلر گرانٹ ہیروڈ کے مطابق خاندان عام طور پر شیل فِش (جیسا کہ جھینگا اور کیکڑا) نہیں کھاتا کیونکہ اس سے فوڈ پوائزننگ کا خطرہ رہتا ہے۔

اسی طرح لہسن بھی شاہی کھانوں سے دور رکھا جاتا ہے تاکہ سانس کی بو سے بچا جا سکے۔ خود ملکہ کمیلا نے ایک انٹرویو میں اعتراف کیا تھا کہ گارلک شاہی میز پر ممنوع ہے۔

یہ بھی پڑھیے: ملکہ الزبتھ کی شادی کے کیک کا نایاب ٹکڑا فروخت، خریدار نے کھانے کا منصوبہ بنا لیا

مزید برآں، بادشاہ چارلس نے اخلاقی وجوہات کی بنا پر فوئی گراس (بطخ کے جگر سے بنی فرانسیسی ڈش) پر بھی شاہی محلوں میں پابندی عائد کر رکھی ہے۔

شاہی خاندان چائے میں چینی استعمال نہیں کرتا۔ گرانٹ ہیروڈ کے مطابق انہوں نے کبھی کسی رائل کو چائے میں چینی ڈالتے نہیں دیکھا۔ بادشاہ چارلس شہد کو ترجیح دیتے ہیں اور وہ اپنے دیہی گھر ہائی گروو میں شہد کی مکھیوں کے کئی چھتے رکھتے ہیں۔

چارلس کو چاکلیٹ بھی پسند نہیں اور وہ زیادہ تر پھل یا ہلکی بیکری آئٹمز جیسے کیلا بریڈ یا چائے کی کیک کو ترجیح دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: پرنس ہیری کا شاہی خاندان سے صلح کا عندیہ، سیکیورٹی تنازع پر شدید مایوسی کا اظہار

دلچسپ بات یہ ہے کہ مرحومہ ملکہ الزبتھ نے اپنی زندگی بھر پاستا، بریڈ اور آلو جیسے کھانوں سے پرہیز کیا۔ وہ زیادہ تر ہلکی غذا جیسے سبزیوں کے ساتھ مچھلی یا چکن کھاتی تھیں تاکہ مصروف دن میں توانائی برقرار رہے۔

رپورٹ کے مطابق شاہی خاندان عموماً کچا یا نیم پکا گوشت بھی نہیں کھاتا تاکہ بیکٹیریا اور فوڈ پوائزننگ کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔

یوں برطانوی شاہی خاندان کے کھانے پینے کے اصول صرف ذائقے کے نہیں بلکہ صحت اور آداب سے جڑے ہوئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp