فرانسیسی ٹینس اسٹار اور سابق اوپن چیمپئن یلینا اوسٹا پینکو نے امریکی ٹینس کھلاڑی ٹیلر ٹاؤن سینڈ سے ان پڑھ کہنے پر معافی مانگ لی ہے۔
یو ایس اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں ٹاؤن سینڈ نے اوسٹا پینکو کو 5-7، 1-6 سے شکست دی تھی۔ میچ کے اختتام پر دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جب اوسٹا پینکو نے حریف کے لیے نیٹ کورڈ شاٹ پر معافی نہ مانگنے پر ‘ان پڑھ’ اور ‘بغیر حیثیت’ کے الفاظ استعمال کیے۔
ٹاؤن سینڈ نے بعد میں بتایا کہ وہ اوسٹا پینکو کے ان ریمارکس سے دکھی ہوئیں لیکن انہیں نسلی رنگ دینے سے گریز کیا۔ تاہم سابق عالمی نمبر ون نائومی اوساکا نے کہا کہ ایک سیاہ فام کھلاڑی کو ان پڑھ کہنا سب سے تکلیف دہ جملوں میں سے ایک ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ٹینس کوئین مونیکا سیلیس کو نایاب بیماری کا سامنا
اوسٹا پینکو نے انسٹاگرام پر وضاحت دی کہ انگریزی ان کی مادری زبان نہیں ہے اور ‘ایجوکیشن’ سے مراد دراصل ٹینس کے آداب تھے مگر انہیں اندازہ ہے کہ ان الفاظ سے کئی لوگوں کو دکھ پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک کھلاڑی اور انسان کے طور پر سیکھنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
ٹاؤن سینڈ نے کہا کہ انہیں اوسٹا پینکو کی ذاتی معافی موصول نہیں ہوئی لیکن عوامی معافی خوش آئند ہے۔ ان کے مطابق اوسٹا پینکو نے اپنی توقعات دوسروں پر مسلط کرنے کی کوشش کی اور جب انہیں اپنی مرضی کے ردعمل نہ ملا تو وہ غصے میں آ گئیں۔
میچ کے بعد اوسٹا پینکو کو کورٹ سے جاتے وقت ناظرین نے بُوؤ کیا جبکہ ٹاؤن سینڈ نے مداحوں کے ساتھ بھرپور جشن منایا۔ اوسٹا پینکو نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ کبھی نسل پرست نہیں رہیں اور سب قوموں کا احترام کرتی ہیں۔