راولپنڈی اور اسلام آباد میں مسلسل بارشوں کے بعد نالہ لئی میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، جس پر انتظامیہ نے اطراف کی آبادی کو فوری انخلا کا حکم دے دیا۔
جڑواں شہروں میں بارش کے نتیجے میں نالہ لئی کی سطح 19 فٹ تک بلند ہوگئی، جس کے بعد شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کے ساتھ الرٹ جاری کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں موسلا دھار بارش، سڑکیں تالاب میں تبدیل، گاڑیاں ڈوب گئیں
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نالہ لئی کے کنارے رہنے والے مکینوں کو تعاون کرتے ہوئے محفوظ مقامات پر منتقل ہونا چاہیے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی ہے، ایچ ایٹ میں 98 ملی میٹر، گولڑہ میں 76 ملی میٹر، سیدپور میں 45 ملی میٹر اور بوکرا میں 52 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
راولپنڈی میں بھی مختلف مقامات پر بارش کا سلسلہ جاری ہے، نیو کٹاریاں میں 63 ملی میٹر، پیرودھائی میں 42 ملی میٹر جبکہ شمس آباد میں 28 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
انتظامیہ کے مطابق نالہ لئی کی سطح کٹاریاں کے مقام پر 15.7 فٹ تک جا پہنچی جبکہ کٹاریاں پر پانی کا لیول 19 فٹ اور گوال منڈی پر 14 فٹ سے تجاوز کر گیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد سمیت پنجاب میں بدھ تک شدید بارشوں کا امکان، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
واسا نے رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے اپنی ٹیموں کو نشیبی علاقوں میں تعینات کردیا ہے۔ ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ بارش کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام اقدامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔














