خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کے تمام اسکولوں میں صبح کی اسمبلی کے دوران 3 مرتبہ درود شریف پڑھنا لازمی قرار دے دیا ہے، جو تلاوتِ قرآن پاک اور قومی ترانے کے بعد پڑھا جائے گا۔
ڈائریکٹوریٹ آف ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبر پختونخوا نے اس حوالے سے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز، ایس ای ڈی اوز اور اے ایس ڈی ای اوز کو ہدایات جاری کردی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا حکومت کا ’علم پیکٹ پروگرام‘ کیا ہے؟
ڈائریکٹوریٹ نے تمام افسروں کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنے اضلاع میں اسکولوں کی اسمبلیوں کا معائنہ کریں تاکہ نظم و ضبط، وقت کی پابندی، طلبہ کی شمولیت اور سرگرمیوں جیسے تلاوت، قومی ترانہ، دن کی سوچ اور اہم اعلانات کا مؤثر انعقاد یقینی بنایا جا سکے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسمبلی کے دوران 3 مرتبہ درود شریف پڑھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ ’مزید یہ کہ اسمبلی کے دوران قرآن پاک کی چند آیات کی تلاوت کے بعد 3 بار درود شریف پڑھا جائے اور پھر قومی ترانہ پیش کیا جائے۔‘
مزید پڑھیں: صوبہ خیبر پختونخوا میں پہلی بار انسانی اعضا عطیہ کرنے کے لیے رجسٹریشن شروع
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے یہ نوٹیفکیشن اپنے فیس بک پیج پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کے مدینہ کی ریاست کے وژن کے مطابق کیا گیا ہے۔
عمران خان نے اپنے وزیراعظم کے دور میں وعدہ کیا تھا کہ پاکستان میں اصلاحات لائی جائیں گی جو ریاست مدینہ کے اصولوں کے مطابق ہوں گی، جہاں اسلامی تعلیمات پر عمل کیا جاتا تھا۔