یو ایس اوپن میں ٹینس اسٹار کی ٹوپی چوری، سارا منظر کیمرے کی آنکھ میں محفوظ

منگل 2 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یو ایس اوپن میں ایک ناخوشگوار واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولینڈ کے ایک بزنس مین اور سی ای او نے ٹینس اسٹار کی جانب سے بچے کو دی جانے والی ٹوپی چھین لی۔ یہ لمحہ کیمرے میں قید ہوا اور سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سخت تنقید کی زد میں آ گیا۔

پولش ٹینس اسٹار کامِل ماژخژاک اپنے مداحوں کو آٹوگراف دے رہے تھے جب انہوں نے ایک کم عمر مداح کو اپنی ٹوپی تھمائی، لیکن پولش کمپنی ڈروگ بروگ کے سی ای او پیوتر شچیرک نے ٹوپی فوراً چھین کر اپنی اہلیہ کے بیگ میں ڈال دی۔ بعدازاں شچیرک نے اعتراف کیا کہ یہ ان کی سنگین غلطی تھی اور معافی مانگ لی۔

یہ بھی پڑھیں: سیاہ فام امریکی کھلاڑی کو ان پڑھ کہنے پر فرنچ ٹینس اسٹار نے معافی مانگ لی

انٹرنیٹ صارفین نے جلد ہی ان کی شناخت کر لی، جس کے بعد ان کی کمپنی کو ایک اسٹار ریویوز کی بھرمار کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی غیر فعال کردیے گئے۔

شچیرک نے وضاحت دینے کی کوشش کی کہ انہیں لگا ٹوپی انہیں دی جا رہی ہے، تاہم ویڈیو اس کے برعکس ثبوت پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’میرا مقصد بچے سے ٹوپی چھیننا نہیں تھا، لیکن اس سے یہ حقیقت نہیں بدلتی کہ میں نے لڑکے کو دکھ دیا اور مداحوں کو مایوس کیا۔‘

یہ بھی پڑھیں: ’آسٹریلیا میں مجھے زہر دیا گیا تھا‘، سربین ٹینس اسٹار نوواک جوکوویچ کا دعویٰ

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کامِل ماژخژاک نے روسی کھلاڑی کارین خچانوف کو شکست دے کر میچ جیتا تھا۔ بی بی سی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ’’میں نے وہی کیا جو زیادہ تر ایتھلیٹس ایسی صورت میں کرتے ہیں‘‘ اور امید ظاہر کی کہ بچہ اور اس کا خاندان اچھا دن گزار سکے۔

اصل ویڈیو میں ماجخژاک کو اس بات کا احساس نہیں ہوا کہ بزنس مین نے ٹوپی چھین لی ہے اور وہ باقی مداحوں کے دستخط کرتے رہے۔ تاہم بعد میں ایک جذباتی موڑ آیا جب ٹینس اسٹار نے دوبارہ اس بچے سے ملاقات کی اور اسے ٹینس کا سامان تحفے میں دیا۔ دونوں نے ساتھ تصویر بھی کھنچوائی جس کے کیپشن میں لکھا تھا: ’’ہیلو ورلڈ، میں اور بروک آپ کو اچھے دن کی خواہش کرتے ہیں۔‘‘

یوں ایک افسوسناک لمحہ، مداح اور اسٹار کے درمیان خوشگوار یاد میں بدل گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp