دریائے سندھ پر سمجھوتہ نہیں کریں گے: پیپلزپارٹی کا کالا باغ ڈیم بنانے کی تجویز پر ردعمل

منگل 2 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق تجویز کو مسترد کرتے ہوئے شدید مخالفت کا اظہار کردیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے اپنے بیان میں کہا کہ سندھ، بلوچستان اور خود خیبرپختونخوا کی اسمبلی کالا باغ ڈیم کے خلاف قراردادیں منظور کرچکی ہیں۔ ایسے میں خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کا اس منصوبے کی حمایت میں بات کرنا دراصل اپنے ہی ایوان کی توہین کے مترادف ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بیرسٹر گوہر نے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے لیے علی امین گنڈاپور کے مؤقف کی حمایت کردی

انہوں نے کہاکہ علی امین گنڈاپور کو سیاست کے رموز سمجھنے کی ضرورت ہے اور انہیں کسی بھی مؤقف دینے سے قبل سوچ بچار کرنی چاہیے۔ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ انہیں اس قرارداد کے بارے میں معلومات نہیں، کیونکہ شاید اس وقت وہ سیاست میں موجود بھی نہیں تھے۔

نثار کھوڑو نے مزید کہاکہ پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان ہمیشہ سے کالا باغ ڈیم کے حامی رہے ہیں۔ سندھ میں عمران خان کے حمایتیوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ وہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر چاہتے ہیں، لیکن سندھ کی عوام دریائے سندھ اور اپنے حصے کے پانی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

پی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ سندھ کسی بھی صورت کالا باغ ڈیم کو قبول نہیں کرے گا۔ سوال یہ ہے کہ بھاشا ڈیم کے لیے قرضہ لینے کے باوجود وہ اب تک مکمل کیوں نہیں ہوا اور تحریک انصاف نے اپنے دورِ حکومت میں دیا مر اور مہمند ڈیم کیوں نہ بنائے۔

ان کا کہنا تھا کہ کالا باغ ڈیم کا منصوبہ سندھ کو بنجر بنانے اور یہاں کے عوام کو بھوکا رکھنے کی سازش ہے۔ اس پر حمایت کے اعلان سے پی ٹی آئی کا اصل چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ سب کو اعتماد میں لے کر کالا باغ ڈیم جیسے منصوبے پر عمل ہونا چاہیے کیونکہ یہ پاکستان اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائیت کے نام پر ملک کے مجموعی مفاد کو نقصان نہیں پہنچایا جا سکتا اور قومی فائدے کو ذاتی یا علاقائی سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: کالا باغ کی تعمیر سے متعلق علی امین کا بیان پارٹی پالیسی نہیں: اسد قیصر نے مخالفت کردی

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بھی آج علی امین گنڈاپور کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ کالا باغ ڈیم بننا چاہیے لیکن اس پر اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp