ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد عامر ضیا نے ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کے مبینہ اغوا کیس میں گرفتار ملزم حسن زاہد کی ایک مقدمے میں ضمانت 20 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کرلی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سامعہ حجاب کا حسن زاہد سے کیا تعلق تھا؟ ٹک ٹاکر نے نئے انکشافات کردیے
سماعت کے دوران ملزم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ موکل بے گناہ ہے، مقدمہ ہراسانی اور بلیک میلنگ کے لیے درج کیا گیا ہے، اس لیے عدالت ضمانت منظور کرے۔ عدالت نے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے ضمانت دے دی۔
تاہم ملزم حسن زاہد دوسرے مقدمے میں اب بھی پولیس کی تحویل میں ہے اور اس کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جاچکا ہے۔ عدالت نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر 9 ستمبر کو مزید دلائل طلب کرلیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاکر سامعہ حجاب اغواء کیس، ملزم حسن زاہد نے عدالت میں جرم قبول کر لیا
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں ٹک ٹاکر سامعہ حجاب نے ایک ویڈیو بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ انہیں اغوا کرنے کی کوشش کی گئی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج انہوں نے انسٹاگرام پر شیئر بھی کی تھی۔ سامعہ حجاب کے مطابق ملزم کئی دنوں سے انہیں ہراساں کررہا تھا اور شادی کی پیشکش بھی کرتا رہا ہے۔
ٹک ٹاکر نے یہ بھی کہا کہ اس سے قبل ان کی دوست ثنا یوسف کو بھی اسی نوعیت کے معاملے پر جان سے ہاتھ دھونا پڑا تھا، لہٰذا انہوں نے حکام اور پولیس سے اپیل کی ہے کہ ان کی جان کو لاحق خطرے کے پیش نظر فوری تحفظ فراہم کیا جائے۔














