کھیتوں میں پولی نیشن کے لیے مکھیوں کا متبادل ننھا روبوٹک کیڑا تیار

جمعرات 4 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی ادارہ ایم آئی ٹی کے محققین نے ایک حیرت انگیز کامیابی حاصل کی ہے۔ مکھی کے سائز کا روبوٹک کیڑا، جو مستقبل میں زرعی شعبے میں پھولوں کی پولی نیشن کے لیے استعمال ہو سکتا ہے۔

یہ ایجاد اس وقت سامنے آئی ہے جب دنیا بھر میں شہد کی مکھیوں کی تعداد میں خطرناک حد تک کمی دیکھی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں فصلوں کی پیداوار کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

ہلکا پھلکا مگر طاقتور روبوٹ

ایم آئی ٹی کی تحقیقاتی ٹیم نے ایک انتہائی ہلکا پھلکا اور چُست روبوٹ تیار کیا ہے جو وزن میں کاغذ کے کلپ سے بھی کم ہے لیکن پرواز کے دوران انتہائی مستحکم اور تیز ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پلک جھپکتے ہی روبک کیوب حل کرنیوالے روبوٹ نے عالمی ریکارڈ بنا دیا

یہ روبوٹ ہوا میں تقریباً 1000 سیکنڈ تک ہور کر سکتا ہے، جو اس سے قبل تیار کردہ ماڈلز سے سو گنا زیادہ ہے۔ اس کی پرواز اتنی مؤثر ہے کہ یہ ڈبل فلِپ جیسی مشکل اکروباتک حرکتیں بھی کر سکتا ہے۔

جدید ڈیزائن اور خودمختاری کی صلاحیت

محققین نے اس روبوٹ کے پروں کو ہلکا اور مضبوط بنانے کے لیے سوفٹ ایکچیویٹرز اور جدید ہِنج ڈیزائن استعمال کیے ہیں، جس کی بدولت پرزوں پر مکینیکل دباؤ کم ہوتا ہے اور پرواز زیادہ پائیدار ہو جاتی ہے۔

 اس روبوٹ میں چھوٹے سینسرز اور بیٹری نصب کرنے کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے تاکہ یہ مستقبل میں مکمل طور پر خودمختار بن سکے۔

ممکنہ فوائد اور ماہرین کی تشویش

سائنس دانوں کا ماننا ہے کہ یہ روبوٹک کیڑے مصنوعی پولی نیشن کے لیے خاص طور پر اندرونی زرعی نظام جیسے ورٹیکل فارمنگ میں مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر یہ ٹیکنالوجی بڑے پیمانے پر اپنائی گئی تو زرعی پیداوار میں اضافہ اور ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:شاپنگ مال میں خریداری کرتے ’ٹیسلا روبوٹس‘ سوشل میڈیا پر وائرل

تاہم ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ روبوٹک حل قدرتی شہد کی مکھیوں کا مکمل متبادل نہیں ہو سکتے۔ اس میں معاشی لاگت، ماحولیاتی اثرات اور حیاتیاتی تنوع کے مزید نقصان جیسے خدشات شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp