اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 12 ربیع الاول کے موقع پر مرکزی جلوس کے لیے ٹریفک ڈائیورشن پلان جاری کر دیا۔ چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں کی ہدایت پر 400 سے زائد افسران و اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق 12 ربیع الاول کا مرکزی جلوس جامع مسجد الرضا (G-7) سے برآمد ہو گا اور اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا دربار سخی محمود پر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے دوران مختلف مقامات پر ٹریفک ڈائیورشن لگائی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ربیع الاول کا چاند نظر نہیں آیا، عید میلادالنبیﷺ 6 ستمبر کو ہوگی
پلان کے مطابق ستارہ مارکیٹ سے اقبال ہال تک ٹریفک کو متبادل راستہ سروس روڈ ڈاکخانہ اور فائر بریگیڈ سے سہروردی روڈ، فیصل ایونیو کی طرف موڑا جائے گا۔
اقبال ہال سے سروس روڈ G-7/3 سے رضیہ شریف پلازہ تک ٹریفک ڈائیورٹ ہوگی، شہری سیونتھ ایونیو استعمال کریں۔
12 ربیع الاول میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں ٹریفک ڈائیورشن پلان جاری۔
شہری اسلام آباد ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن 1915 یا ITP FM92.4 کے ذریعے تازہ ترین اپڈیٹس حاصل کر سکتے ہیں۔ چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن ر حمزہ ہمایوں #WeRIslamabadPolice #ICTP #OPS #Islamabad #RabiUlAwal pic.twitter.com/ZUWJD9nOZK
— Islamabad Police (@ICT_Police) September 5, 2025
فضل حق روڈ پر چائینہ چوک سے کلثوم پلازہ تک ڈائیورشن ہوگی، متبادل کے طور پر جناح ایونیو استعمال کیا جا سکے گا۔
شہداء چوک سے جی پی او چوک اور آبپارہ چوک تک ٹریفک بند ہوگی، شہری شہید ملت روڈ اور جی پی او چوک سے متبادل راستہ اختیار کریں۔
یہ بھی پڑھیں: عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائیں گے، سلمان رفیق کی علما وفد کو یقین دہانی
آبپارہ چوک سے سہروردی روڈ اور سیونتھ ایونیو چوک تک ڈائیورشن لگائی گئی ہے۔
زیرو پوائنٹ اور راولپنڈی سے آنے والی ٹریفک کو سیونتھ ایونیو، فیصل ایونیو اور سری نگر ہائی وے پر منتقل کیا جائے گا۔
چاند تارا چوک سے ڈھوکری چوک تک سری نگر ہائی وے بند ہوگی۔
بارہ کہو سے آنے والے شہریوں کو سری نگر ہائی وے، راول ڈیم چوک اور فیض آباد کے ذریعے فیصل ایونیو استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
موٹروے سے بہارہ کہو اور مری جانے والی ٹریفک زیرو پوائنٹ سے فیض آباد مری روڈ کا استعمال کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: 12 ربیع الاول کے موقع پر اسلام آباد پولیس کے سیکیورٹی انتظامات کیا ہیں؟
سی ٹی او کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے کہا ہے کہ جلوس کے دوران مرکزی شاہراہوں پر پارکنگ کی اجازت نہیں ہوگی۔ شہری سفر کے لیے کم از کم 20 منٹ اضافی وقت رکھیں اور ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کر کے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔
مزید برآں، شہری کسی بھی سفری دشواری یا رہنمائی کے لیے 1915 ہیلپ لائن اور ایف ایم 92.4 سے ٹریفک اپڈیٹس حاصل کر سکتے ہیں۔