چناب و ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب، پنجاب میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری

ہفتہ 6 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شدید مون سون بارشوں اور دریاؤں میں اونچے درجے کے سیلاب نے ملک کے مختلف حصوں میں تباہی مچادی ہے۔ دریائے چناب اور ستلج میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے بیشتر اضلاع کے لیے شدید طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری کردیا ہے۔ حکومت نے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا ہے۔

طوفانی بارشیں

پی ڈی ایم اے نے آج سے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری کردیا ہے۔ مون سون بارشوں کا 10واں اسپیل 9 ستمبر تک جاری رہے گا۔

کن کن اضلاع میں بارش متوقع؟

پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور لاہور میں بارشوں کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ نارووال، حافظ آباد، جھنگ، سرگودھا، اوکاڑہ، ساہیوال، قصور اور میانوالی بھی بارشوں کی زد میں رہیں گے۔

ڈیرہ غازی خان، ملتان اور راجن پور میں بھی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

فلیش فلڈنگ کا خدشہ

چھ سے 9 ستمبر کے دوران ڈیرہ غازی خان اور رود کوہیوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

دریاؤں میں سیلابی صورتحال

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ دریائے چناب، راوی اور ستلج میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔ بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث ندی نالوں کے بپھرنے کا بھی خطرہ ہے۔

متعلقہ اداروں کو ہدایت

ڈی جی کے مطابق کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور دیگر افسران الرٹ ہیں۔ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کو بھی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔

سنگین سیلابی صورتحال

مون سون بارشوں نے پاکستان میں سیلابی صورتحال کو سنگین بنا دیا ہے۔ پنجاب، سندھ اور جنوبی علاقوں میں دریاؤں کی بلند سطح سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔

حکومت اور ریسکیو ادارے مسلسل ریلیف آپریشنز میں مصروف ہیں جبکہ وزیراعظم، وفاقی و صوبائی حکومتیں متاثرین کی بحالی کو اولین ترجیح قرار دے رہی ہیں۔

پنجاب میں پانی کی سطح میں کمی مگر خطرہ برقرار

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کے مطابق دریائے ستلج میں پانی کی سطح بتدریج کم ہورہی ہے۔

قصور، ہیڈ اسلام اور سلیمانکی میں حالات بہتر ہونے لگے ہیں جبکہ ملتان کے مقام پر بھی پانی نیچے جا رہا ہے۔

تاہم دریائے چناب میں سیلابی ریلے کا زور برقرار ہے اور چند مقامات پر صورتحال خطرناک بتائی جا رہی ہے۔

دریائے چناب اور ستلج کی صورتحال

ڈپٹی کمشنر جھنگ کے مطابق دریائے چناب میں تریموں ہیڈ ورکس پر پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 12 ہزار کیوسک سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:متاثرین سیلاب کے لیے امدادی سامان کیساتھ پہلی امریکی پرواز پاکستان پہنچ گئی

ستلج کے مقامات پر بھی اونچے درجے کا سیلاب موجود ہے، جہاں قاسم والا، سلیمانکی اور ہیڈ اسلام پر پانی کی سطح بلند ہے۔

سندھ کے بیراجوں پر کڑی نگرانی

سندھ میں گڈو، سکھر اور کوٹری بیراجوں پر اونچے درجے کے پانی کی آمد و اخراج کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق گڈو بیراج پر 3 لاکھ 48 ہزار کیوسک پانی کا بہاؤ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ سکھر بیراج پر بھی 3 لاکھ 31 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے۔

متاثرین اور امدادی سرگرمیاں

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے مطابق اب تک 21 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں، 9 ہزار سے زائد گھر اور 6 ہزار سے زائد مویشی ضائع ہوچکے ہیں۔

حکومت نے 2 ملین روپے فی شہید اہل خانہ کو معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ 1.3 ارب روپے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کو ریلیف آپریشنز کے لیے جاری کیے گئے ہیں۔

وزیراعظم کی ہدایات

وزیراعظم شہباز شریف نے متاثرین کی بحالی کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ریلیف اور بحالی کے کام میں کوئی کمی نہ رہنے دی جائے۔

انہوں نے ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے جامع منصوبہ بنانے کی بھی ہدایت دی۔

بلاول بھٹو کے مطالبات

پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب متاثرہ کسانوں کے بجلی کے بل اور زرعی قرضے معاف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سیلاب متاثرین کی بحالی حکومت کی ترجیح ہے، وزیراعظم شہباز شریف

انہوں نے کہا کہ کسانوں کے لیے بیج اور کھاد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت متاثرین کو ہنگامی امداد دی جائے۔

بین الاقوامی تعاون

امریکا نے سیلاب متاثرین کے لیے امداد کا اعلان کیا ہے۔ چھ پروازوں کے ذریعے خیمے، ڈی واٹرنگ پمپس اور جنریٹر پاکستان پہنچائے جائیں گے۔

پہلا جہاز اسلام آباد پہنچ چکا ہے اور امدادی سامان پاک فوج کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

بھارت سے تنازع

پاکستان نے بھارت پر الزام لگایا ہے کہ اس نے دریاؤں کے پانی کا ڈیٹا شیئر کرنے سے انکار کرکے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت نے ستلج میں مزید سیلابی ریلا چھوڑ دیا، دریاؤں میں پانی کی سطح میں خطرناک اضافہ

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت دریا کے پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

ایشیا کپ 2025: سپر فور مرحلے کا شیڈول جاری، کون کس کے خلاف کھیلے گا؟

چمن میں دھماکا: 5 افراد جاں بحق، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی مذمت

وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کا کامیاب دورہ مکمل کرکے لندن پہنچ گئے

گوگل ڈاؤن: دنیا بھر میں جی میل، یوٹیوب، سرچ اور ڈرائیو متاثر

خواتین کے پیٹ کے گرد چربی کیوں بڑھتی ہے؟

ویڈیو

اسلام آباد میں اولمپئین ارشد ندیم کے نام سے شاہراہ منسوب کرنے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا شگفتہ انٹرویو

سعودی عرب اور پاکستان کسی بھی جارح کیخلاف ہمیشہ ایک رہیں گے، سعودی وزیر دفاع خالد بن سلمان

کالم / تجزیہ

پاک سعودی دفاعی معاہدہ، لڑائیوں کا خیال بھی شاید اب نہ آئے

سعودی پاکستان دفاعی معاہدے کی عالمی میڈیا میں نمایاں کوریج

چارلی کرک کا قتل