سعودی شاہی دیوان کے مشیر اور کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے نگرانِ اعلیٰ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے گزشتہ روز 50 ٹرکوں پر مشتمل امدادی قافلہ دمشق روانہ کیا۔
یہ قافلہ انسانی ہمدردی پر مبنی امداد کے اس عارضی ںظام کا حصہ ہے، جو شام کے عوام کی مدد کے لیے قائم کیا گیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق امدادی ٹرکوں میں ڈائیلیسس مشینیں اور دیگر طبی سامان، خوراک اور پناہ گاہ کے لیے ضروری اشیا، بھاری مشینری، ملبہ ہٹانے کے آلات اور ایمبولینسیں شامل تھیں، جن کا مجموعی وزن 673 ٹن تھا۔
یہ قافلہ سعودی عرب کی جانب سے 2025 میں شروع کیے گئے امدادی زمینی پل کا تسلسل ہے، جس کے تحت اب تک 800 ٹرک شام پہنچ چکے ہیں۔

اس کے علاوہ سعودی فضائی امدادی پل کے ذریعے 18 طیاروں سے امداد فراہم کی گئی، امداد کے ان دونوں رابطوں کے ذریعے شام کو مجموعی طور پر 13,561 ٹن غذائی، طبی اور پناہ گاہ سے متعلق سامان فراہم کیا جاچکا ہے۔
یہ اقدام سعودی عرب کی جانب سے شام کےعوام کی معاونت اور ان کے لیے بہتر زندگی کی ضروریات فراہم کرنے کی مسلسل انسانی ہمدردی کی کاوشوں کا حصہ ہے۔














