وزیراعظم محمد شہباز شریف سے قازقستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ مورات نورتیلو نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
قازقستان کے نائب وزیراعظم وزارتی وفد کے ہمراہ پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مورات نورتیلو کا پاکستان آمد پر خیر مقدم کیا اور قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایوف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور قازقستان کا تعلقات مزید مضبوط بنانے کا عزم
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔
وزیراعظم نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، فضائی، ریل اور زمینی رابطوں کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر تبادلوں میں پاکستان کی دلچسپی کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان قازقستان کے صدر کے مجوزہ دورہ اسلام آباد کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اس سلسلے میں مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک وفد آستانہ بھیجنے کی پیشکش کرتا ہے۔
مزید پڑھیں: قازقستان کے نائب وزیراعظم 2 روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے
ملاقات کے دوران اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان کئی مہینوں سے جاری بات چیت کو جلد عملی جامہ پہنایا جائے گا اور قازقستان کے صدر کے دورہ پاکستان کے دوران اہم معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔
قازقستان کے نائب وزیراعظم نے پاکستانی قیادت کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک صدر توکایوف کے آئندہ دورہ اسلام آباد کو تاریخی اور کامیاب بنانے کا خواہاں ہے، جو پاکستان اور قازقستان کے تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔
مزید پڑھیں: پاک قازقستان ریل رابطہ ضروری ہے، گیم چینجر ثابت ہوگا، شہباز شریف
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر ریلوے حنیف عباسی، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ بھی موجود تھے۔














