بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے اینٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرکے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جمعے کے روز بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 19 خوارج ہلاک
آپریشن کے دوران فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گرد شدید فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوگئے۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگرد علاقے میں متعدد تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے، کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ژوب میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، مزید 3 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک
علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی دوسرے دہشتگرد کو ختم کیا جاسکے۔
سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور ملک دشمن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔