وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کا جن بے قابو ہو رہا ہے لہٰذا اب اس پر بے لگام مواد برداشت نہیں کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: فیک نیوز سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر لائحہ عمل تشکیل دیا جانا ضروری ہے، عطا اللہ تارڑ
صوبائی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے انہوں نے سوشل میڈیا پر ’غیر ذمہ دارانہ رویے اور بے بنیاد مواد کے پھیلاؤ‘ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر ہر شخص کی عزت کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر جو چاہے وہ لکھ دیا جاتا ہے جس کی میں شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر باعزت شخص کی پگڑی اچھالی جا رہی ہے اور یہ روش ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے ایوان پر زور دیا کہ ہمیں مل کر قانون ساز اسمبلی کے پلیٹ فارم سے اس سنگین مسئلے کا تدارک کرنا ہوگا۔
سخت اقدامات کی وارننگ
میر سرفراز بگٹی نے واضح الفاظ میں کہا کہ سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ اور اشتعال انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
مزید پڑھیے: بھارتی خلائی مشن کا پول کھل گیا، ’فیک نیوز واچ ڈاگ‘ کی چشم کشا رپورٹ منظرِ عام پر
انہوں نے کہا کہ ایسا مواد معاشرے میں انتشار کا باعث بنتا ہے اور ہم اس کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔
زیارت اراضی منتقلی: قبائلی اتفاق رائے حاصل کر لیا گیا
اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ نے بتایا کہ زیارت میں محکمہ جنگلات کو اراضی کی منتقلی کے حوالے سے تمام متعلقہ قبائل کو اعتماد میں لیا گیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کے تنازع سے بچا جا سکے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کا نیوکلیئر اور میزائل پروگرام اپنے دفاع کے لیے ہے، اسحاق ڈار نے فیک نیوز کی تردید کردی
انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ نیشنل فنانس کمیشن ایوارڈ پر فیصلے مشاورت سے کیے جائیں گے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی رائے کو شامل کیا جائے گا تاکہ بلوچستان کے مالی مفادات کا مکمل تحفظ کیا جا سکے۔