سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائیوں کے دوران 35 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ جھڑپوں میں 12 اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
باجوڑ آپریشن
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق باجوڑ میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 22 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جنہیں بھارت کے حمایت یافتہ خوارج قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا انجام عبرتناک موت ہے، وزیر داخلہ محسن نقوی
جنوبی وزیرستان جھڑپ
دوسری کارروائی جنوبی وزیرستان میں ہوئی جہاں سیکیورٹی فورسز نے 13 دہشتگردوں کو مار گرایا۔ تاہم، اس دوران 12 اہلکاروں نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت پائی۔

اسلحہ و افغان کردار
ہلاک دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ ترجمان کے مطابق خفیہ رپورٹس سے افغان شہریوں کی شمولیت کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مستونگ: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، فتنہ الہند کے 4 دہشتگرد ہلاک
پاکستان نے افغان عبوری حکومت پر زور دیا ہے کہ اپنی سرزمین کو دہشت گردوں کے استعمال سے روکے۔
عزمِ مصمم
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں تاکہ کسی بھی بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد کو علاقے میں چھپنے نہ دیا جائے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ شہدا کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو مکمل طور پر ختم کیا جائے۔














