ڈیرہ غازی خان کے علاقے سخی سرور میں حالیہ مون سون بارشوں کے بعد کوہ سلیمان سے نکلنے والے برساتی نالے سے صدیوں پرانے سکے اور نوادرات برآمد ہوئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر عثمان خالد کے مطابق مقامی افراد کو نالے کے مختلف مقامات سے سیکڑوں قدیم سکے اور پتھر نما نوادرات ملے جنہیں بعدازاں حکام کے حوالے کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: فرانس میں ضبط ہونے والے بلوچستان کے قیمتی نوادرات واپس پاکستان پہنچ گئے
ڈپٹی کمشنر عثمان خالد نے ماہرینِ آثارِ قدیمہ کے ہمراہ ان نوادرات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ اب تک 400 سے زائد سکے ضلعی انتظامیہ کے پاس جمع ہوچکے ہیں۔
ماہرین کے مطابق ان سکوں کا تعلق مختلف ادوار اور سلطنتوں سے ہے جن میں مغل، تغلق، سکھ، کنشکا، درانی، لودھی خاندان سے ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایمسٹرڈیم میں پاکستان کے نوادرات نے لوگوں کے دل موہ لیے
برطانوی راج، نادر شاہ، بہادر شاہ ظفر کے دور کے سکے بھی اس میں شامل ہیں، جبکہ کچھ سکے عرب اور وسطی ایشیائی سلطنتوں سے تعلق رکھتے ہیں۔
عثمان خالد نے اس دریافت کو خطے کی تہذیبی و تاریخی اہمیت کا عکاس قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نوادرات مستقبل میں تحقیق اور سیاحت کے نئے امکانات پیدا کریں گے۔