ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کیس: عدالت نے ملزم حسن زاہد کی ضمانت منظور کرلی

پیر 15 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کے مبینہ اغوا اور دھمکیوں کے کیس میں نامزد ملزم حسن زاہد کی ضمانت منظور کرلی۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چوہدری عامر ضیا نے کیس کی سماعت کی، جس دوران تفتیشی افسر محمد اسحاق عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے موقع پر سامعہ حجاب بھی عدالت میں موجود تھیں۔ عدالتی عملے نے ہدایت دی کہ جج کے حکم پر میڈیا نمائندگان کو کمرہ عدالت سے باہر جانا ہوگا۔

سماعت کے دوران سامعہ حجاب نے عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کروایا۔ جج عامر ضیا نے استفسار کیا کہ کیا آپ کا معاملہ حل ہو گیا ہے؟ جس پر سامعہ حجاب نے جواب دیا کہ جی، ہمارا معاملہ طے ہو گیا ہے۔

مزید سوال پر انہوں نے کہاکہ وہ کیس کی مزید پیروی نہیں کرنا چاہتیں اور اس معاملے سے دستبردار ہو رہی ہیں۔

سامعہ حجاب نے عدالت کو بتایا کہ انہیں ملزم کے ضمانت حاصل کرنے اور بری ہونے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔

سامعہ حجاب کے بیان کے بعد عدالت نے حسن زاہد کی ضمانت منظور کرلی۔ ملزم کے خلاف تھانہ شالیمار میں 2 مقدمات درج تھے۔

واضح رہے کہ ٹک ٹاکر سامعہ حجاب نے حسن زاہد پر الزام عائد کیا تھا تھا کہ انہوں نے مجھے اغوا کرنے کی کوشش کی ہے، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اغوا کیس کا ڈراپ سین: ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کا سابق منگیتر حسن زاہد کیخلاف مقدمات واپس لینے کا اعلان

بعد ازاں ملزم کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جوڈیشل ریمانڈ کے لیے جیل بھیج دیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp