سعودی وزارتِ خارجہ نے لکسمبرگ کے اس اعلان کا خیرمقدم کیا ہے جس میں اُس نے ریاستِ فلسطین کو تسلیم کرنے کے اپنے عزم کا اظہار کیا ہے۔
سعودی وزارتِ خارجہ کے اعلامیے میں کہا گیا کہ مملکتِ سعودی عرب، لکسمبرگ کی جانب سے ریاستِ فلسطین کو تسلیم کرنے کے اعلانِ نیت کا خیرمقدم کرتی ہے۔
#Statement | The Foreign Ministry expresses the Kingdom of Saudi Arabia’s welcome of the Grand Duchy of Luxembourg’s announcement of its intention to recognize the State of Palestine. pic.twitter.com/vmg6hP7BeD
— Foreign Ministry 🇸🇦 (@KSAmofaEN) September 16, 2025
مذکورہ اعلامیہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پاکستان میں تعینات سعودی پریس اتاشی ڈاکٹر نایف العتیبی نے شیئر کیا، جس کے مطابق ’یہ مثبت قدم 2 ریاستی حل کے نفاذ اور امن کے قیام کی حمایت کرتا ہے۔‘
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ سعودی عرب عالمی شراکت داروں سے ایک بار پھر مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھی ایسے اقدامات کریں تاکہ فلسطین کو تسلیم کرنے اور ایک منصفانہ و جامع امن کے قیام کو ممکن بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: حماس کے بغیر فلسطین کا 2 ریاستی حل، اقوام متحدہ میں قرارداد منظور
واضح رہے کہ لکسمبرگ کے وزیراعظم لُک فریڈن نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ غزہ میں گزشتہ چند مہینوں کے دوران انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں، قحط اور نسل کشی کی صورتحال شدت اختیار کر گئی ہے۔
ان کے مطابق موجودہ حالات میں یورپی ممالک کے پاس فلسطین اور اسرائیل کے درمیان پائیدار امن قائم کرنے کے لیے 2 ریاستی حل کے سوا کوئی چارہ نہیں۔
مزید پڑھیں: یورپی ملک لکسمبرگ کا فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا اعلان
وزیراعظم نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر دو ریاستی حل کے فروغ کے لیے سرگرمیاں تیزی سے بڑھ رہی ہیں اور اسی سلسلے میں لکسمبرگ بھی دیگر یورپی ممالک کے نقش قدم پر چلتے ہوئے فلسطین کو تسلیم کرنے والے ممالک میں شامل ہوگا۔
قبل ازیں فرانس، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا، بیلجیئم اور مالٹا نے بھی فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ پرتگال کی حکومت اس اقدام پر غور کر رہی ہے۔ اقوام متحدہ کی آئندہ جنرل اسمبلی میں مزید 17 ممالک بھی اس فہرست میں شامل ہو سکتے ہیں۔













