چوہدری شجاعت کا پاکستان افواج کی حمایت میں ریلی نکالنے کا اعلان

اتوار 14 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

’پاکستان مسلم لیگ ‘ (پی ایم ایل ) نے قومی املاک، نجی اداروں اور فوجی تنصیبات پر حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے ان واقعات میں ملوث افراد کو ملک دشمن عناصر قرار دیا ہے۔  اور پاک افوج کی حمایت میں ’یکجہتی ریلی‘ نکالے کا اعلان کیا ہے۔

’پاکستان مسلم لیگ‘ ( پی ایم ایل) کا اجلاس چوہدری شجاعت حسین کی سربراہی میں ان کی رہائش گا پر ہوا، اجلاس میں پارٹی کے چیف آرگنائزر و سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور، پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری شافع حسین نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (پی ایم ایل ) کے قائدین نے ملک کی موجود صورت حال کو تشویش ناک قرار دیا اور کہا کہ ملکی املاک پر حملہ کرنے والے ملک کے دشمن ہی ہو سکتے ہیں۔ ایسے ملک دشمن عناصر کو سزا ملنی چاہیے۔

اجلاس سے خطاب کرتےہوئے پاکستان مسلم لیگ (پی ایم ایل) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی سیاسی جماعت نے مسلح افواج  کے دفاتر، جی ایچ کیو، ’جناح ہاؤس‘ اور پبلک پرائیویٹ سیکٹر پر حملہ کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ بھی اس گھناؤنے جرم میں ملوث ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ پاکستان مسلم لیگ (پی ایم ایل ) افواج پاکستان سے اظہار یک جہتی کے لیے ریلی نکالے گی۔

چوہدری شجاعت حسین نے بتایا کہ ریلی 17 مئی بدھ کو سہ پہر’مسلم لیگ ہاؤس‘ سے پریس کلب تک نکالی جائے گی۔تمام محب وطن اور پاکستان مسلم لیگ کے ورکرز سے ریلی میں شرکت کی اپیل ہے۔

چوہدری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ سیاسی لیڈروں نے پہلی بارپاکستاں کی تاریخ میں اپنے ورکرز کو پاکستان افواج کی تنصیبات پر حملہ آور ہونے کی ترغیب دی اور نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی لیڈروں نے اس لیے کروائی تاکہ وہ پاکستان افواج کی پیشہ وارانہ اہمیت کو کم کر سکیں۔

اجلاس سے پارٹی کے چیف آرگنائزر چوہدری محمد سرور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ: ’پبلک، پرائیویٹ اور فوجی تنصیبات پر حملے قابل افسوس اور قابل مزمت ہیں۔ان واقعات سے پاکستان دُنیا بھر میں ’جَگ ہنسائی‘ ہوئی ہے۔

چوہدری سرور کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان افواج نے جس طرح تحمل و بردباری کا مظاہرہ کیا وہ قابل ستائش ہے۔ ملک دشمن عناصر کی جانب سے عوام اور پاکستان افواج کو لڑانے کی سازش ناکام ہوئی ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (پی ایم ایل)، پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری شافع حسین نے کہا کہ:’فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے پاکستان اور پاکستان عوام کے دشمن ہیں۔‘ ان کو سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ اس طرح کا گھناؤنا جرم کرنے کی کسی میں ہمت نہ ہو۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp