آم کا سلاد یا مینگو سالسا بنانے کا طریقہ

پیر 15 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پھلوں کا بادشاہ آم بچوں سے لے کر بوڑھوں تک ہر ایک کا پسندیدہ پھل ہونے کے ساتھ ساتھ غذائیت سے بھی بھرپور ہوتا ہے۔ اس میں موجود وٹامنز، معدنیات اور اینٹی آ کسیڈینٹس صحت کے لیے مفید ہوتے ہیں۔

آم میں موجود وٹامن کےخون کی کمی پورا کرنے کے ساتھ ساتھ ہڈیوں کو بھی مضبوط بناتا ہے۔

یو ایس ڈیپارٹمنٹ آف ایگریکلچر(یو ایس ڈی اے)کے مطابق 1 کپ کٹے ہوئے آم میں درج ذیل غذائی اجزا موجود ہوتے ہیں۔

کیلوریز۔۔۔۔ 99 گرام
پروٹین۔۔۔۔۔1.4 گرام
چکنائی۔۔۔۔۔0.6 گرام
نشاستہ یا کاربوہائیڈریٹس۔۔۔۔۔24.8 گرام
فائبر۔۔۔۔۔2.6 گرام
شکر۔۔۔۔۔22.6 گرام
وٹامن اے۔۔۔۔۔89 مائیکروگرام
وٹامن کے۔۔۔۔۔7 مائیکرو گرام
وٹامن سی۔۔۔۔۔60 ملی گرام
پوٹاشیم۔۔۔۔۔277 ملی گرام

آج ہم آپ کے لیے آم کے سلاد کی مزیدار ریسپی لے کر آئے ہیں۔ آپ بھی اسے ضرور آزمائیے اورغذائیت سے بھرپور اس پھل کا فائدہ اٹھائیے۔

آم کا سلاد بنانے کے لیے اجزا

آم۔۔۔۔۔2عدد (چھیل کر چوکور شکل میں کاٹ لیں)
پیاز۔۔۔۔۔ آدھا کپ (باریک کٹا ہوا)
ہری شملہ مرچ۔۔۔۔۔آدھا کپ (باریک کٹی ہوئی)
ٹماٹر۔۔۔۔۔آدھا کپ (باریک کٹے ہوئے)
ہری مرچ۔۔۔۔۔2عدد (باریک کٹی ہوئی)
تازہ سبز دھنیا۔۔۔۔۔1کھانے کا چمچ (باریک کٹا ہوا)
کُٹی ہوئی لال مرچ۔۔۔۔۔ آدھا چائے کا چمچ (حسبِ خواہش و ضرورت)
نمک۔۔۔۔۔ حسبِ ذائقہ
تازہ لیموں کا رس۔۔۔۔ 2 چائے کے چمچ
پاپڑ۔۔۔۔ 5 سے 6 عدد

آم کا سلاد بنانے کا طریقہ

1۔کٹے ہوئے آموں کو ایک برتن میں ڈال لیں۔اب اس میں پیاز، شملہ مرچ، ٹماٹر، ہری مرچ، سبز دھنیا، نمک اور تازہ لیموں کا رس ڈال کر مکس کر لیں۔

2۔کُٹی ہوئی لال مرچ ضروری نہیں ہے لیکن آپ سلاد سپائسی کھانا پسند کرتے ہیں تو مرچیں شامل کر لیں۔

3۔سلاد استعمال کرنے سے پہلے ایک گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ اس کا ذائقہ دوبالا ہو جائے گا۔

4۔آپ کا آم کا سلاد یا مینگو سالسا تیار ہے۔ اسے پاپڑوں یا چپاتی کے ساتھ کھایا جا سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp