حال ہی میں سینیئر پاکستانی اداکار توقیر ناصر کی سالگرہ کے موقع پر ان کے گھر پر تقریب منعقد کی گئی جس میں انہوں نے اپنے کیرئر سے متعلق سوالوں کے جواب دیے۔
انٹرویو میں توقیر ناصر نے انکشاف کیا کہ بالی ووڈ کے معروف اداکار اجے دیوگن ان کی اداکاری اور انداز سے متاثر ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: توقیر ناصر کا صبا قمر کو آڈیشن میں مسترد کرنے کا انکشاف
توقیر ناصر نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ وہ میری نقل کیوں کرتے ہیں لیکن وہ برسوں سے یہ کر رہے ہیں۔ بہت سے لوگوں نے مجھے بتایا کہ اجے دیوگن نے انٹرویوز میں میرا نام بھی لیا ہے جو کہ ایک بڑی بات ہے کیونکہ یہاں لوگ شاذ و نادر ہی اپنے انسپائریشن کا ذکر کرتے ہیں۔ یہ ان کی عظمت ہے کہ انہوں نے میرا نام لیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں نے جب مجھے بتایا تو میں نے ان کی چند فلمیں دیکھیں، جن میں اومکارا بھی شامل ہے۔ مجھے واقعی اپنی اداکاری سے مماثلت محسوس ہوئی، خاص طور پر آنکھوں کے ذریعے جذبات کے اظہار میں۔ آنکھیں اداکاری کا سب سے طاقتور ہتھیار ہیں کیونکہ وہ سب سے زیادہ اثر ڈالتی ہیں۔ اداکاری کوئی مذاق نہیں ہے۔
توقیر ناصر نے اپنے فن کے سفر پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ خود پاکستان کے سپر اسٹار وحید مراد سے بے حد متاثر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ بولی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان کا ’کبھی الوداع نہ کہنا‘ کا کردار ان کے ڈرامے کے کردار کی کاپی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ’اجے دیوگن کی جگہ کوئی سکھ پاکستانی کھلاڑیوں سے ملتا تو اسے غدار کہا جاتا‘، بھارتی غصے سے پھٹ پڑے
پاکستان کے سینئر ٹیلی وژن اور فلم اداکار توقیر ناصر، جنہوں نے یاد پیاس کی آئے، تھکن، کشکول، سونا چاندی، پناہ، ایک حقیقت ایک افسانہ، سمندر اور دہلیز جیسے مقبول ڈراموں میں شاندار اداکاری کی، اپنے فن اور خدمات کے اعتراف میں تمغہ امتیاز اور ستارہ امتیاز حاصل کرچکے ہیں۔
وہ پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کے ڈائریکٹر جنرل بھی رہ چکے ہیں اور اس وقت پاکستان سنسر بورڈ میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔













