ایشیا کپ کے سپر 4 مرحلے میں بھی پاکستان کو شکست سے دوچار کرنے کے بعد بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے دعویٰ کیا کہ پاکستان سے اب رقابت والا معاملہ نہیں رہا۔
بھارتی ٹی20 کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریا کمار کے مطابق دس پندرہ میچز میں بھارت ہی زیادہ تر جیتا ہے، ان کے مطابق پاک بھارت میچز میں بھارت کی جیت کا تناسب تقریباً 10 کے مقابلے پرایک ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ سپر فور مرحلے کا اہم ٹاکرا: بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی
تاہم اعداد و شمار اس دعوے کی تائید نہیں کرتے، دستیاب ریکارڈ کے مطابق سوریا کمار کا بیان نہ صرف مبالغہ آمیز ہے بلکہ حقائق سے بھی انحراف کرتا ہے۔
ریکارڈ کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک مجموعی طور پر 210 میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے پاکستان نے 88 جبکہ بھارت نے 79 فتوحات حاصل کی ہیں۔
فارمیٹ کے حساب سے دیکھا جائے تو ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان 12 اور بھارت 9 میچ جیت سکا ہے، اسی طرح ون ڈے انٹرنیشنلز میں بھی پاکستان کو برتری حاصل ہے، جہاں پاکستان نے 73 اور بھارت نے 58 مقابلے اپنے نام کیے۔
مزید پڑھیں:دلوں کو جوڑنے والے کرکٹرز
البتہ ٹی20 کرکٹ میں بھارت واضح برتری رکھتا ہے، جس میں اس نے 15 میں سے 12 میچز جیتے جبکہ پاکستان صرف 3 بار کامیاب ہو سکا۔
یوں مجموعی ریکارڈ ظاہر کرتا ہے کہ بھارتی کپتان سوریا کمار کا یہ کہنا کہ بھارت دس کے مقابلے میں ایک بار جیتتا ہے، محض مبالغہ ہے، جس کی اعداد و شمار تائید نہیں کرتے۔