وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ کے لیے تمام اہم شعبوں میں قابلِ عمل منصوبوں پر کام کیا جائے۔
لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی جاری معاشی اور مالیاتی اصلاحات نے معیشت کو نئی سمت دی ہے اور جدت و شفافیت کی بدولت ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے آئی ٹی شعبے میں 700 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان کرنے پر سرمایہ کاروں کا شکر گزار ہوں، وزیراعظم
وزیراعظم نے نشاندہی کی کہ زراعت، آئی ٹی، معدنیات، سیاحت اور قابلِ تجدید توانائی وہ اہم شعبے ہیں جو غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے کشش رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ برآمدات میں خاطرخواہ اضافہ کرنے کے لیے تجارت کا فروغ بھی ہماری پالیسی کا حصہ ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ وزارتوں کو اہداف تفویض کر دیے گئے ہیں اور تمام دستیاب وسائل کے استعمال کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ جاری منصوبے بروقت مکمل ہوسکیں۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کی قطری تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت
’قابل عمل منصوبوں کی نشاندہی کر کے ان کو عملی شکل دینے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، مستقبل کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک روڈ میپ اور تبدیلی کا ایجنڈا بنایا جائے تاکہ اپنے اہداف کی حصولی کے لیے ایک منظم انداز میں آگے بڑھا جاسکے۔‘
وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نجی شعبہ معیشت کے روڈ میپ میں کلیدی کردار ادا کرے گا اور ان کی شمولیت ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔