شیریں مزاری بیمار ہیں، پمز ہسپتال منتقل کیا جائے، اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر

پیر 15 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایم پی او کے تحت اسلام آباد سے گرفتار پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری جیل میں بیماری کا شکار ہیں۔ ایمان مزاری ایڈووکیٹ نے اس بنیاد پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں اپنی والدہ شیریں مزاری کی پمز منتقلی کی استدعا کی ہے۔

ایمان مزاری ایڈوکیٹ کے مطابق شیریں مزاری کو ہائی بلڈ پریشر ، فوڈ پوائزننگ ، پاؤں پر سوجن ہے۔ شیریں مزاری 72 سال کی ہیں اڈیالہ جیل میں ان کا علاج ممکن نہیں۔

درخواست کی فوراً سماعت کی استدعا کرتے ہوئے ایمان مزاری نے کہا ہے کہ ہائیکورٹ شیریں مزاری کوعلاج کے لیے پمز منتقلی کا حکم دے۔

ادھر لاہور میں گرفتار پی ٹی آئی کی ایک اور اہم رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو پولیس نے سروسز ہسپتال سے پولیس لائنز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہیں بھی طبعیت خرابی کے باعث سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

آج پولیس سیشن کورٹ سے ڈاکٹر یاسمین راشد کا راہداری ریمانڈ لے کر انہیں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کرے گی۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کی رہنما عالیہ حمزہ کی 3 ایم پی او کے تحت نظر بندی کے خلاف درخواست واپس لینے کی بنیاد پر لاہور ہائیکورٹ نے نمٹا دی ہے۔

گرفتار عالیہ حمزہ کے خاوند حمزہ جمیل ملک کے وکیل شہزاد حسن وٹو کی جانب سے دائر اس درخواست میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم، سی سی پی او لاہور اور ڈی سی لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایاگیاتھا۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ گھر سے اٹھاتے ہوئے چادر اور چاردیواری کا تحفظ پامال کیاگیا۔ اٹھایا پہلے گیااور تین ایم پی کا نوٹیفیکیشن بعد میں جاری کیاگیا۔ عدالت سے استدعا ہے کہ عالیہ حمزہ کی تین ایم پی او کے تحت نظربندی کالعدم قرار دیتے ہوئے رہائی کا حکم دے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp