سابق انگلش اسپنر مونٹی پنیسر نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں پاکستان کو معمولی حریف نہ سمجھے، پاکستان خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔
ایشیا کپ جیسے تیز رفتار ٹورنامنٹ میں روایتی حریفوں کی مسلسل ٹکر دلچسپ مناظر پیش کر رہی ہے۔ یہ تیسرا اتوار ہوگا جب دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی تاہم آج دبئی میں کھیلے جانے والا فائنل ایونٹ کا فیصلہ کن میچ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیے: پاک-بھارت ایشیا کپ فائنل، کن کھلاڑیوں کے درمیان اصل مقابلہ ہوگا؟
مونٹی پنیسر کے مطابق فائنل یکطرفہ ہونے کے امکانات کم ہیں کیونکہ پاکستان کے پاس کھونے کے لیے کچھ نہیں۔ وہ 2017 چیمپئنز ٹرافی فائنل کی یاد تازہ کر سکتا ہے جب بھارت کو 180 رنز سے شکست ہوئی تھی۔
پنیسر نے کہا کہ پاکستان ایک خطرناک ٹیم ہے۔ ان کے پاس کھونے کو کچھ نہیں، فائنل میں وہ اپنا بہترین کھیل پیش کرسکتے ہیں۔ بھارت نے اب تک شاندار کارکردگی دکھائی ہے لیکن انہیں ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ پچھلے 2 مقابلوں میں بھارت نے باآسانی پاکستان کو شکست دی ہے اور کپتان سوریہ کمار یادو کی قیادت میں ٹیم کو مضبوط فیورٹ سمجھا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے؛ پاک-بھارت ایشیا کپ فائنل، جیتنے والی ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟
تاہم پنیسر کا ماننا ہے کہ اگر بھارت نے خوداعتمادی کو غرور میں بدلنے دیا تو پاکستان اپ سیٹ کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلے جتنا مضبوط نہیں رہا، لیکن کسی بھی دن وہ بھارت کو ہرا سکتا ہے۔ بھارت کو اپنی کارکردگی پر غرور نہیں کرنا چاہیے۔