پشاور کی نمک منڈی صدیوں پرانی فوڈ اسٹریٹ ہے جو اپنی منفرد ذائقے کی وجہ سے دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی طرف کھینچتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان کا روایتی پکوان لاندی گھروں سے نکل کر ہوٹلوں تک جا پہنچا
یہ گلیاں دنبہ کڑاہی، روش اور دم پُخت جیسے روایتی پکوانوں کے لیے مشہور ہیں لیکن اب یہاں پہلی بار ایک نئے ذائقے ’چپلی کباب‘ کا بھی اضافہ ہوا ہے۔
نمک منڈی میں ایک کباب فروش نے اس روایتی ڈش کو منفرد انداز میں پیش کیا ہے۔ یہ عام چپلی کباب سے ہٹ کر ہیں۔ پنیر کباب اور نلی کباب جو کھانے کے شوقین افراد کے لیے بالکل نیا تجربہ ہے۔
ریسٹورنٹ کے مالک مسعود سمندر نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد تھا کہ نمک منڈی آنے والوں کو کچھ نیا دیا جائے اس لیے ہم نے چپلی کباب کو پنیر اور نلی کے ذائقوں کے ساتھ متعارف کرایا۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کا ردعمل بہت مثبت ہے اور یہ نیا ذائقہ تیزی سے مقبول ہو گیا ہے۔
مزید پڑھیے: ’صحت اجازت نہیں دیتی ورنہ نمک منڈی ضرور جاتا‘، آصف زرداری کا دورہ پشاور
نمک منڈی میں کباب کھانے آنے والے حافظ تنزل احمد نے بتایا کہ یہ جگہ ویسے تو دنبہ گوشت کی کڑاہی اور تکوں کے لیے مشہور ہے لیکن وہ کباب کھانے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نمک منڈی میں کباب ریسٹورنٹ کا کھلنا اچھا اضافہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر آنے والا صرف دنبہ گوشت ہی نہیں کھاتا بلکہ کچھ لوگ کباب بھی پسند کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: لاہور کا ایسا ہوٹل جہاں پر ٹن پیک کھانا دستیاب ہے
ایک اور شہری نے بتایا کہ وہ تو دم پُخت اور دنبہ کڑاہی کے لیے آتے تھے لیکن آج پہلی بار یہاں چپلی کباب اور پنیر والے کباب کھائے جو واقعی بہت مزیدار تھے۔ دیکھیے منہ میں پانی بھردینے والی یہ چٹپٹی ویڈیو رپورٹ۔