وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے بتایا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کے وژن ڈیجیٹل پاکستان کے تحت کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی) کے تعاون سے اسلام آباد کے 30 مقامات پر مفت عوامی وائی فائی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
دارالحکومت میں ان مختلف مقامات کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور ان یہاں پر رواں سال دسمبر 2025 کے اختتام تک مفت وائی فائی کی سہولت دستیاب ہو جائے گی۔
یہ بھی پڑھیے: رحیم یار خان میں مفت وائی فائی سروس کا آغاز، پنجاب حکومت کے ڈیجیٹل اقدامات جاری
قومی اسمبلی کے رکن ابرار احمد کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ پاک سیکریٹریٹ سے آئی جے پی روڈ تک کے 14 میٹرو اسٹیشنز، فیض احمد فیض سے جی ٹی روڈ 26 نمبر تک کے 7 میٹرو اسٹیشنز، سی ڈی اے ہسپتال، جیپنیز پارک، لیک ویو پارک، دامنِ کوہ، فاطمہ جناح پارک سنڈے بازار (G-6)، سنڈے بازار (H-9)، سیکٹر F-6 مرکز اور سیکٹر F-7 مرکز میں فری وائی فائی سہولت فراہم کی جائے گی۔
وزیر داخلہ کے مطابق یہ سہولت شہریوں کو مفت انٹرنیٹ تک رسائی دے کر ڈیجیٹل پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی ایک اہم کوشش ہے۔