وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی پمز اسپتال پہنچے جہاں انہوں نے آزاد کشمیر میں زخمی ہونے والے اسلام آباد پولیس اور آزاد کشمیر پولیس کے اہلکاروں کی عیادت کی۔
وزیر داخلہ فرداً فرداً ہر زخمی اہلکار کے پاس گئے، خیریت دریافت کی اور ان کے جذبے اور بہادری کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آپ سب نے انتہائی ہمت، حوصلے اور جوانمردی سے اپنے فرائض انجام دیے۔ شرپسندی کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا۔ آپ پاکستان کے بہادر سپوت ہیں اور ہم سب کو آپ پر ناز ہے۔
محسن نقوی نے اسپتال انتظامیہ کو زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت دی اور چیف کمشنر و آئی جی اسلام آباد کو آزاد کشمیر پولیس کے جوانوں کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت کی۔
مزید پڑھیں: صحافیوں پر تشدد: وزیرداخلہ محسن نقوی کا نوٹس، آئی جی اسلام آباد سے رپورٹ طلب کرلی
وزیر داخلہ نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر کسی کا حق ہے لیکن کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چند شرپسند عناصر دشمن کے ایما پر آزاد کشمیر کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر ان کے مذموم مقاصد کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کے دل کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، اور حکومت ہر وقت ان کے مسائل کے حل کے لیے تیار ہے۔
اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ پمز اسپتال میں اس وقت اسلام آباد پولیس کے 31 اور آزاد کشمیر پولیس کے 12 اہلکار زیر علاج ہیں۔