سعودی پیراگلائیڈنگ فیڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ وزیرِ کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی بن فیصل کی منظوری کے بعد مملکت میں پیراگلائیڈنگ کی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ فوج کے بغیر ناممکن تھا، طلال چوہدری
یہ فیصلہ تمام ضابطہ جاتی تقاضوں کی تکمیل اور متعلقہ اداروں کے ساتھ بھرپور ہم آہنگی کے بعد کیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ محفوظ، منظم اور پیشہ ورانہ ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔
فیڈریشن کے مطابق یہ اقدام سعودی عرب کو خطے اور دنیا میں فضائی کھیلوں کا مرکز بنانے کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے جو وژن 2030 کے اہداف کے تحت کھیلوں کے شعبے کی تنوع اور ترقی کو فروغ دیتا ہے۔

گزشتہ عرصے کے دوران متعلقہ حکام اور ماہرین کے تعاون سے تنظیمی فریم ورک اور حفاظتی ضوابط کو بہتر بنایا گیا ہے تاکہ شوقیہ اور پیشہ ور کھلاڑیوں کے لیے ایک محفوظ اور پائیدار ماحول فراہم کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور سعودی عرب: تاریخ کے سائے، مستقبل کی روشنی
فیڈریشن نے مزید بتایا کہ پیراگلائیڈنگ کے فروغ کے لیے جدید تربیتی پروگرامز اور مقامی و بین الاقوامی سطح پر مقابلوں کا آغاز کیا جائے گا جبکہ عالمی سطح کے ٹورنامنٹس بھی منعقد کیے جائیں گے تاکہ علم اور بہترین عملی تجربات کا تبادلہ ممکن ہو۔

ان اقدامات کا مقصد قومی صلاحیتوں کو نکھارنا، کھیلوں میں وسیع تر شرکت کو فروغ دینا اور غیر ملکی شراکت داروں کو متوجہ کرنا ہے تاکہ سعودی عرب میں پیراگلائیڈنگ کے کھیل کو طویل المیعاد بنیادوں پر ترقی دی جا سکے۔














