محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر کی فیڈ ملز میں گندم کو مرغیوں کے دانے میں استعمال کرنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
یہ فیصلہ گندم، آٹے اور روٹی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سیلاب اور گندم پر سیاست کرنے والوں کو جواب ملے گا، مریم اورنگزیب کا پیپلزپارٹی پر وار
سیکرٹری داخلہ پنجاب کے جاری کردہ حکمنامے کے مطابق، گندم صرف فلور ملز میں آٹا بنانے کے لیے استعمال کی جائے گی، جبکہ فیڈ ملز پر 30 یوم تک گندم کے استعمال پر پابندی عائد رہے گی۔ پابندی کا اطلاق 2 نومبر تک ہوگا۔
محکمہ داخلہ کے ترجمان کے مطابق صوبے میں فیڈ ملز کے پاس ایک لاکھ میٹرک ٹن سے زائد گندم کا ذخیرہ موجود ہے اور یہ ذخیرہ مرغیوں کے دانے کے طور پر استعمال ہونے والا تھا۔
سیکرٹری پرائس کنٹرول کی رپورٹ کے مطابق یہ اقدام گندم کی ممکنہ قلت سے بچاؤ کے لیے ناگزیر قرار دیا گیا۔
اعلان میں کہا گیا کہ گندم انسانوں کی بنیادی خوراک ہے اور اسے صرف آٹے کی تیاری میں استعمال ہونا چاہیے۔ حکمنامے کی تشہیر عوامی آگاہی کے لیے سرکاری گزٹ، اخبارات اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے کی جائے گی۔