وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وزیر خارجہ کے طور پر وفاقی حکومت اور وزیراعظم کی جڑیں کھوکھلی کر رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت پیپلزپارٹی کو نشانہ بنا کر دراصل وزیراعظم کو ہدف بنارہی ہے، شرجیل میمن
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں عظمیٰ بخاری نے ایک بیان میں کہا کہ پیپلزپارٹی پنجاب کے سیلاب متاثرین پر گندی سیاست کررہی ہے مگر ان کا بیانیہ ناکام ہوچکا ہے۔
انہوں نے شرجیل میمن کا بحث کا چیلنج قبول کرتے ہوئے کہا کہ آپ خود سامنے آئیے، کسی پراکسی کے پیچھے نہ چھپیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ جن کے اپنے گھر میں باپ اور بیٹے کی نہیں بنتی، وہ دوسروں کو طعنے دے کر اپنے گناہوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سیلاب کے نام پر سیاسی دکانیں بند کردی جائیں، عظمیٰ بخاری
انہوں نے کہا کہ آپ خود وفاق اور پنجاب کے خلاف سازش کر رہے ہیں اور جب پنجاب کی ترقی سے جلنے لگتے ہیں تو سازشیں شروع کر دیتے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ جب پیپلزپارٹی سے کارکردگی پوچھی جاتی ہے تو وہ صوبائیت کا کارڈ کھیلنا شروع کر دیتی ہے، لیکن عوام جانتے ہیں کہ اصل حقائق کیا ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے اپنی پریس کانفرنس میں پنجاب حکومت پر الزام عائد کیا تھا کہ پنجاب حکومت پیپلز پارٹی پر تنقید کرکے دراصل وزیراعظم شہباز شریف کو ہدف بنا رہی ہے














