26 سالہ فیشن اسٹوڈنٹ مریم محمد کو ایک سخت اور جامع انتخابی عمل کے بعد متعدد امیدواروں میں سے منتخب کیا گیا ہے تاکہ وہ عالمی مس یونیورس مقابلے میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی نمائندگی کریں۔
مریم محمد وہ پہلی اماراتی خاتون ہوں گی جو اگلے ماہ تھائی لینڈ میں ہونے والے اس عالمی مقابلے میں متحدہ عرب امارات کی نمائندگی کریں گی۔
View this post on Instagram
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ متحدہ عرب امارات نے مجھے بڑے خواب دیکھنے کا حوصلہ دیا ہے۔ میں اُن خواتین کی آواز بننا چاہتی ہوں جو پرعزم، جستجو رکھنے والی اور بااختیار بننے کی خواہشمند ہیں۔ مس یونیورس یو اے ای صرف خوبصورتی کا مقابلہ نہیں بلکہ اثر و رسوخ کا پلیٹ فارم ہے۔
مریم محمد نے یونیورسٹی آف سڈنی سے اکنامکس میں بیچلرز ڈگری حاصل کی ہے اور اس وقت ای ایس موڈ دبئی میں فیشن ڈیزائن کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ وہ تعلیمی میدان، فن اور سماجی خدمت کو جوڑنے والی ایک باصلاحیت شخصیت ہیں۔
انہوں نے کہاکہ میرا خواب ہے کہ عالمی غربت میں کمی لاؤں اور خواتین کو بااختیار بناؤں۔
مریم نے پائیدار فیشن (سسٹین ایبل فیشن) ڈیزائن کیا ہے، رمضان امان اور دی گیونگ فیملی انیشی ایٹو جیسی فلاحی مہمات میں حصہ لیا ہے، اور خواتین کی عالمی کاروباری پروگراموں میں یو اے ای کی نمائندگی کی ہے۔
مس یونیورس 2025 کے مقابلے کی تیاری کرتے ہوئے مریم کا کہنا ہے کہ وہ اماراتی خواتین کی نئی نسل کے لیے ایک تحریک بننا چاہتی ہیں۔ وہ اس عالمی پلیٹ فارم پر متحدہ عرب امارات کی کہانی خودمختاری، پائیداری، اور جدت کو دنیا بھر کے سامنے اجاگر کرنے کا عزم رکھتی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 2024 میں مس یونیورس مقابلے میں کوسوو سے تعلق رکھنے والی ماڈل اور دبئی میں مقیم ایمیلیا ڈوبرایوا نے گزشتہ سال یو اے ای کی نمائندگی کی تھی۔