پارلیمنٹ نے وفاقی دارالحکومت کے سرکاری ونجی اداروں میں کام کرنے والے والدین کو بچوں کی پیدائش پر با معاوضہ چھٹی دینے کا بل منظور کر لیا۔
منگل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بچے کی پیدائش پر ماں باپ کے لیے بامعاوضہ چھٹی والا میٹرنٹی اینڈ پیٹرنٹی بل 2023 سینیٹر سینیٹر قرۃ العین مری نے پیش کیا تھا جسے منظور کرلیا گیا ہے۔ اس قانون کے تحت اب بچے کی پیدائش پر والد بھی 30 دن کی چھٹی لے سکیں گے اور انہیں ان ایام کی تنخواہ بھی معمول کے مطابق ملے گی۔
میٹرنٹی بل کی منظوری کے بعد اب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سرکاری ونجی اداروں میں کام کرنے والی ماں کو پہلے بچے کی پیدائش پر 6 ماہ کی چھٹی مل سگے گی، ماں کو دوسرے بچے کی پیدائش پر 4، تیسرے پر 3 ماہ کی چھٹی مل سکے گی۔
والد کو دوران ملازمت تین بچوں کی پیدائش پر ایک ایک ماہ کی چھٹیاں مل سکیں گی جب کہ چوتھی مربتہ کی صورت میں معمول کی سالانہ چھٹیوں میں سے ہی کٹوتی ہوگی یا پھر ادارے کی مرضی سے تنخواہ کے بغیر لی جاسکے گی۔
قانون کا اطلاق اسلام آباد کی حدود میں نجی اور سرکاری دونوں طرح کے اداروں پر ہوگا اور آجر کی جانب سے اس کی خلاف ورزی پر اسے 6 ماہ قید یا ایک لاکھ جرمانہ یا پھر دونوں سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔