کراچی یونیورسٹی میں بس کی ٹکر سے سماجی علوم کی شعبہ جاتی طالبہ جاں بحق ہوگئی۔
ٹریفک پولیس انسپکٹر اکمل رائے کے مطابق متوفی طالبہ سوشل ڈیپارٹمنٹ کے دوسرے سال میں زیر تعلیم تھی۔ وہ محمودالحسن لائبریری کے قریب بس سے اتریں اور سڑک عبور کرنے کی کوشش کررہی تھیں کہ اسی دوران ایک اور بس گزری۔
یہ بھی پڑھیں: ملاکنڈ یونیورسٹی کے طالبعلم کی ہلاکت، گورنر کے پی نے رپورٹ طلب کرلی
پولیس رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی کی ایک اور بس (رجسٹریشن نمبر EB-0333) نے پہلی بس کو اوورٹیک کرنے کی کوشش کی، جس کے دوران وہ طالبہ سے ٹکرا گئی، بس کی ٹکر سے وہ گر پڑیں اور بعد ازاں وہی بس اس کے اوپر سے گزر گئی، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔
حادثے کے بعد طلبہ میں غم و غصہ پھیل گیا اور انہوں نے جامعہ کے اندر احتجاج کیا، انتظامیہ سے واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے 10 اکتوبر کو ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کردی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وائس چانسلر کی ہدایت پر یہ کمیٹی فوری طور پر تشکیل دی گئی ہے تاکہ واقعے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: ایم ڈی کیٹ امتحان پر سوالات اٹھ گئے، اسلام آباد میں طلبا و طالبات کا احتجاج
تحقیقاتی کمیٹی کی کنوینر شعبہ کرمنالوجی کی چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر نعیمہ سعید ہوں گی، جب کہ ارکان میں این ای ڈی یونیورسٹی کے انچارج ٹرانسپورٹ، سماجی خدمات کے شعبے کے فائنل ایئر کے طالب علم ایم عالم اور اسی شعبے کی ایک طالبہ سرورت شامل ہیں۔
کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ واقعے کی مکمل تفتیش کر کے اپنی رپورٹ 15 دن کے اندر پیش کرے۔













