سعودی شہزادہ منصور بن محمد نے کہا ہے کہ ہم پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے پُرعزم ہیں۔ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں۔
پاک سعودی جوائنٹ بزنس کونسل کے وفد کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پنجاب کی زمین زرخیز ہے اور اس صوبے کے ساتھ شراکت داری ہمارے لیے نہایت اہمیت رکھتی ہے۔ ہم پنجاب میں دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان آئی ٹی اور کھیلوں میں تعاون کے معاہدے
شہزادہ منصور بن محمد نے مزید کہاکہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ آئی ٹی، صحت اور ہاؤسنگ کے شعبوں میں شراکت داری کا خواہاں ہے۔ پنجاب میں 10 لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ زیر غور ہے، جب کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کے شعبے میں بھی تعاون بڑھانے کی خواہش رکھتے ہیں۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سعودی پاک جوائنٹ بزنس کونسل کے وفد کی اہم ملاقات۔۔۔
باہمی سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کے فروغ پر تفصیلی گفتگو، سعودی وفد نے پنجاب کے سرمایہ کاری ماحول پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔۔۔ pic.twitter.com/vgCjy8usiD— Government of Punjab (@GovtofPunjabPK) October 11, 2025
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہاکہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ہم سب کے لیے جان سے زیادہ مقدس ہیں، ان مقدس مقامات کی پاسبانی کی میزبانی پاکستان کے لیے ایک بڑے اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے ایامِ جلاوطنی کے دوران میں نے کئی سال جدہ میں گزارے ہیں، اس لیے میں اعتماد سے کہہ سکتی ہوں کہ جدہ میرے لیے لاہور کی طرح ہی مانوس شہر ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات پوری مسلم دنیا کے لیے ایک مثال ہیں۔ سعودی عرب مسلم امہ میں ایک نمایاں اور محترم مقام رکھتا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ دفاعی معاہدے کو عوام کی جانب سے بے حد سراہا گیا ہے۔
مریم نواز نے مزید کہاکہ پنجاب حکومت ترقی کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے اور خادم الحرمین شریفین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو نئی جہت دینے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات فراہم کر رہی ہے اور سعودی قیادت کے پاکستان پر اعتماد کرنے پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مکہ اور مدینہ کی حرمت ہر پاکستانی کے دل میں رچی بسی ہے، ان مقدس شہروں کی خدمت اور حفاظت کی ذمہ داری ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی اس برادر ملک کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
یہ بھی پڑھیں: کور کمانڈرز کانفرنس میں پاکستان سعودی عرب اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کاخیر مقدم
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ پنجاب پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اس کی ترقی میں سعودی سرمایہ کاروں کا کردار کلیدی ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاروں کو ’ون ونڈو‘ کے نظام کے تحت سہولتیں فراہم کی جائیں گی، جب کہ صوبے میں زراعت، لائیو اسٹاک، صنعت کاری اور انفرا اسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔













