وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ اگر بھارت نے دوبارہ کوئی ایڈونچر کرنے کی کوشش کی تو پاکستان کی جانب سے پہلے سے زیادہ طاقت سے جواب ملے گا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات پہلے بھی درست نہیں تھے اور اب بگڑنے کی سمت جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دہشتگردوں کے لیے کسی قسم کی لچک قابلِ برداشت نہیں، وزیردفاع کا افغانستان کو واضح پیغام
وزیردفاع نے کہا کہ افغانستان سے دہشتگردی کا پاکستان میں برآمد ہونا تشویش ناک ہے اور اس فضا سے تعلقات میں مزید خرابی پیدا ہو سکتی ہے جو ملکی مفاد میں نہیں، ہمیں اچھے ہمسائے کے طور پر باوقار تعلقات قائم رکھنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ان علاقوں میں جہاں دہشتگرد چھپتے ہیں مقامی لوگوں کو اس کا علم ہوتا ہے اور اگر وہ خاموش رہیں تو یہ نیم رضامندی سمجھی جائے گی، پاکستان کسی محب وطن شہری کو نقصان نہیں ہونے دے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ بھارت کو جو غلط فہمی یا خوش فہمی تھی وہ دور کر دی گئی ہے اور اگر بھارت نے دوبارہ کوئی حرکت کی تو اسے پہلے سے زیادہ منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: اگر 9 مئی کا پلان کامیاب ہوجاتا تو ہم میں سے آج کوئی بھی زندہ نہیں ہوتا، وزیردفاع خواجہ آصف
انہوں نے کہا کہ بھارت کے بیانات اس بات کا ثبوت ہیں کہ وہ دوبارہ کوئی ایڈونچر کر سکتا ہے اور اپنی کھوئی ہوئی عزت بحال کرنے کے لیے خطرہ مول لے گا۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں بھارت کی عسکری قیادت اور وزیر دفاع کی جانب سے پاکستان کے خلاف سخت بیانات سامنے آئے تھے جن میں پاکستان سے دہشتگردی کی حمایت بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔
دوسری جانب بھارت نے افغانستان میں اپنا سفارتخانہ دوبارہ کھولنے کا بھی اعلان کیا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ افغان طالبان کا جھکاؤ بھارت کی جانب بڑھتا چلا جارہا ہے۔














