خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں کوئلے کی کان بیٹھنے سے 5 مزدور جاں بحق ہوگئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کے علاقے یاستہ طورہ واڑی میں مزدور کوئلے کی کان میں کام میں مصروف تھے کہ اچانک کان کا ایک حصہ بیٹھ گیا۔ ملبے تلے 6 کان کن دب گئے جن میں سے ایک کو زندہ نکال لیا گیا جبکہ 5 مزدوروں کی موت کی تصدیق ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں: مچھ: کوئلے کی کان میں زہریلی گیس بھرنے سے 3 کان کن جاں بحق
جاں بحق ہونے والے تمام مزدوروں کا تعلق شانگلہ سے بتایا گیا ہے، جن میں تاج اللہ، زیورالرحمن، شوکت، ناز اللہ اور جان محمد شامل ہیں۔
حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں، اب تک 2 لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ 3 مزدوروں کی تلاش کے لیے بھاری مشینری کی مدد سے کارروائیاں جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: کوئلے کی کان میں زہریلی گیس بھر جانے سے 11 کان کن جاں بحق
ابتدائی معلومات کے مطابق کان کے اندر زمین کھسکنے سے یہ حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں مزدور دب گئے۔ انتظامیہ نے جائے حادثہ کو گھیرے میں لے کر مزید نقصان سے بچنے کے لیے احتیاطی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔














