محکمہ خوراک پنجاب نے گندم اور آٹے کی ترسیل میں ہونے والی ڈیجیٹل جعلسازی کو بے نقاب کرتے ہوئے بڑا آپریشن کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ڈی جی فوڈ امجد حفیظ کی سربراہی میں صرف 48 گھنٹوں کے اندر ویب پورٹل کے ذریعے جعلسازی میں ملوث گروہ کو گرفتار کیا گیا۔
کارروائی کے دوران متعدد ڈرائیورز کو حراست میں لے کر مقدمات درج کرلیے گئے جبکہ 11 گاڑیاں تحویل میں لے لی گئیں۔
یہ بھی پڑھیے وزیراعلیٰ سے مذاکرات کے بعد فلور ملز ایسوسی ایشن کا پنجاب مین ہڑتال نہ کرنے کا اعلان
ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں متعدد فلور ملز کے جعلی ای پرمٹ کے ذریعے ہزاروں من گندم اور آٹے کی اسمگلنگ کی کوشش سامنے آئی ہے۔ اس حوالے سے المستقیم، شاہ تاج، المکہ، سلطان، دریا اور عمر فلور ملز کو شوکاز نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ سرکاری دستاویزات میں جعلسازی اور دھوکہ دہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ جعلی ای پرمٹ کے ذریعے گندم اور آٹا اسمگل کرنے میں ملوث ٹرانسپورٹرز کے خلاف بھی کارروائی تیز کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے پنجاب میں فلور ملز کو بینکوں سے قرض لیکر گندم خریداری پر مجبور کیا جارہا ہے، احمد خان بھچر
محکمہ خوراک پنجاب نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ڈیجیٹل نظام میں شفافیت یقینی بنانے اور خوراک کی ترسیل میں بدعنوانی کے تمام راستے بند کرنے کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔














