کراچی کے مختلف علاقوں میں مذہبی جماعت کے کارکنوں کی جانب سے احتجاج کے باعث شہر کے متعدد مقامات پر ٹریفک جام ہوگئی تھی جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرکے راستے کھول دیے اور مظاہرین کو منتشر کردیا۔
پولیس کے مطابق نیو کراچی، پاور ہاؤس، انڈہ موڑ، سندھی ہوٹل اور فور کے چورنگی کے اطراف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین کی جانب سے بعض مقامات پر پتھراؤ اور جلاؤ گھیراؤ کی کوششیں بھی کی گئیں جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شیلنگ کی اور ہجوم کو منتشر کردیا۔
یہ بھی پڑھیے: مریدکے میں تصادم کے بعد ٹی ایل پی مظاہرین منتشر
ڈی آئی جی ویسٹ عرفان علی بلوچ کے مطابق پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پا لیا ہے۔ نیو کراچی سندھی ہوٹل اور فور کے چورنگی کے اطراف ٹریفک بحال کر دی گئی ہے جبکہ احتجاج اور شرپسندی میں ملوث 10 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی ویسٹ نے مزید بتایا کہ ممکنہ احتجاج، پتھراؤ اور جلاؤ گھیراؤ کے خدشے کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری علاقے میں تعینات کر دی گئی ہے۔ اضافی نفری بھی طلب کر لی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیے: اسرائیل اور حماس کے درمیان امن معاہدے کے بعد کون سا احتجاج؟ خواجہ آصف کی ٹی ایل پی پر تنقید
پولیس حکام کے مطابق شہر کی مجموعی صورتحال قابو میں ہے اوراب شہر میں کسی بھی جگہ احتجاج نہیں ہورہا۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ افواہوں پر یقین نہ کریں اور غیر ضروری طور پر متاثرہ علاقوں کا رخ نہ کریں۔














