پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ زیرِ سمندر کیبل میں نصب ایک ریپیٹر کی مرمت کا کام کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے جس کے بعد ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار اور کنیکٹیویٹی مکمل طور پر بحال ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انٹرنیٹ سروس 18 گھنٹے تک بند رہے گی: پی ٹی سی ایل، نیاٹیل اور یوفون نے صارفین کو آگاہ کردیا
ترجمان پی ٹی سی ایل کے مطابق 14 اکتوبر کی صبح سے مرمتی کارروائی کا آغاز ہوا جو ایک بین الاقوامی کیبل کنسورشیم کی نگرانی میں مکمل کی گئی۔
واضح رہے کہ ملک کو سروس فراہم کرنے والے تمام 6 زیر سمندر کیبل سسٹمز میں پی ٹی سی ایل کے 3، ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے 2 اور سائبر انٹرنیٹ سروسز کا پیس کیبلز شامل ہیں۔ ان کی مجموعی گنجائش 13 ٹیرا بٹس فی سیکنڈ (Tbps) ہے جبکہ ملک میں موجودہ انٹرنیٹ کا استعمال 7 سے 8 ٹیرا بٹس فی سیکنڈ کے درمیان ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مرمت کے بعد پاکستان میں انٹرنیٹ سروسز کی رفتار اور رسائی میں واضح بہتری آئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ نیٹ ورک اب بہترین کارکردگی کے ساتھ کام کر رہا ہے جس سے صارفین کو ملک بھر میں بہتر آن لائن سہولت حاصل ہو رہی ہے۔
مزید پڑھیے: پاکستان میں انٹرنیٹ کے مسائل میں ایک بار پھر اضافہ: اب ایسا کیوں ہو رہا ہے؟
اس سے قبل پی ٹی سی ایل نے صارفین کو متنبہ کیا تھا کہ ایک سب میرین کیبل میں مرمتی کام کے باعث انٹرنیٹ سروسز میں عارضی کمی یا جزوی رکاوٹ کا سامنا ہو سکتا ہے۔
کمپنی کے ترجمان نے پیر کے روز بیان میں کہا تھا کہ ایک بین الاقوامی کیبل کنسورشیم سب میرین کیبل سسٹم میں موجود ایک خراب ریپیٹر کی مرمت کرے گا جس کی وجہ سے وقتی مسائل پیش آ سکتے ہیں۔
مسلسل انٹرنیٹ تعطل کا سامنا، 5G متعارف کرانے کی تیاریاں
پاکستان کو ماضی میں بھی سب میرین کیبلز میں خرابی کے باعث متعدد بار انٹرنیٹ کے تعطل کا سامنا رہا ہے۔
حکام نے وعدہ کیا ہے کہ آئندہ مہینوں میں بہتر اور مضبوط کنیکٹیویٹی فراہم کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: انٹرنیٹ سروس کو درپیش مسائل کیا 5 جی اسپیکٹرم سے حل ہو جائیں گے؟
حکومت کی جانب سے ملک کے بڑے شہروں میں 5G سروس متعارف کرانے کا منصوبہ بھی زیرِ غور ہے تاکہ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔














