آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے افغانستان کے وزیر خارجہ کی جانب سے دہلی میں بیٹھ کر مسئلہ کشمیر پر بھارت کی ہمنوائی کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ اور شہباز ملاقات سے بھارتی اثرورسوخ کو دھچکا لگا ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق
وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں ایک حل طلب مسئلہ ہے اور بھارت جموں و کشمیر پر اپنے جھوٹے بیانیے کی ترویج میں سرگرم عمل ہے، مگر دنیا بھارت کے اس جھوٹ کو تسلیم نہیں کرتی۔
چوہدری انوارالحق نے کہا کہ افغانستان کے وزیر خارجہ تاریخ سے نابلد ہیں اور حقائق سے آنکھیں چرا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر فوجی قبضہ کر رکھا ہے، لیکن کشمیری عوام اس قبضے کو تسلیم نہیں کرتے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کو جواب دینے کے لیے لائن آف کنٹرول عبور کرنی پڑی تو کرجائیں گے، وزیراعظم آزاد کشمیر
وزیراعظم آزادکشمیر کے مطابق کشمیری عوام ہر عالمی فورم پر بھارت کے فوجی قبضے کے خلاف سرگرم عمل رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے قیامِ پاکستان سے قبل 19 جولائی 1947 کو الحاقِ پاکستان کی قرارداد کی روشنی میں اپنی وابستگی کا فیصلہ کر لیا تھا۔
چوہدری انوارالحق نے کہا کہ کشمیری عوام اپنی منزل حاصل کرنے کے لیے مسلسل جان و مال کی قربانیاں دے رہے ہیں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق انہیں ان کا حقِ خود ارادیت ضرور ملے گا۔














