عمران خان کی نااہلی کا بوجھ ن لیگ کو اٹھانا پڑ رہا ہے، سلمیٰ بٹ

جمعرات 18 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما سلمیٰ بٹ نے وی نیوز کے ساتھ خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا ہے، نتیجتاً عمران حکومت کی نااہلی کا بوجھ مسلم لیگ ن کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔

سلمیٰ بٹ کا کہنا تھا کہ اس وقت چیزیں بہت خراب ہیں ایسے میں مسلم لیگ (ن) کا ہدف ملک کو بہتری کی طرف لے کر جانا ہے۔

سلمیٰ بٹ کے مطابق اگر عمران خان اور پی ٹی آئی کو مسلط نہ کیا جاتا اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا تسلسل برقرار رہتا تو آج یقیناً پاکستان کا نقشہ کچھ اور ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ایسی جماعت ہے جس نے ملک دشمنی کرتے ہوئے یہ کوشش کی کہ پاکستان دیوالیہ ہوجائے۔

ایک سوال کے جواب میں سلمیٰ بٹ کا کہنا تھا کہ درپیش مسائل کی ایک بڑی وجہ عدلیہ ہے، سیاسی نوعیت کے خاص کیسز کی سماعت ایک مخصوص بینچ کرتا ہے، یہ بینچ آج یا کل سامنے نہیں آیا بلکہ پاناما لیکس کے وقت میں بھی اسی بینچ کے ارکان نے نواز شریف کو نااہل قرار دیا اور عمران خان کو صادق و امین کے خطاب سے نوازا تھا۔

سلمیٰ بٹ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے نوجوانوں کو انگیج کر کے جھوٹی اور من گھڑت باتوں سے ان میں بغاوت اور خود سری کے جراثیم پیدا کیے۔

مسلم لیگ ن کی رہنما کہتی ہیں کہ یہ کیسا کُھلا تضاد تھا کہ جس وقت عمران خان سائفر کے ایشو پر اپنی حکومت کی رخصتی میں امریکا کو اہم کردار بتا رہے تھے ٹھیک اسی دوران انھوں نے امریکا میں لابنگ کنسلٹنسی فرم کی خدمات حاصل کیں اور اس کو ان خدمات کا معاوضہ 80 ہزار ڈالر کی صورت میں ادا کیا۔

سلمیٰ بٹ نے کہا کہ عمران خان نے لوگوں کو ورغلایا اور اپنی گرفتاری کے بعد دھمکی بھی دی کہ اگر انھیں دوبارہ گرفتار کیا گیا تو ایسا ہی ردعمل دوبارہ بھی آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پہلے ہی غریب ملک ہیں، املاک اور عمارتیں جلانے سے کیا ہوگا؟ یہ کس کا ایجنڈا ہے؟

سلمیٰ بٹ نے سپریم کورٹ سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ اس وقت سپریم کورٹ ہی الیکشن کمیشن اور پارلیمنٹ بھی بن چکی ہے۔ دوسرے آئینی اداروں کا حق سلب کر لیا گیا ہے، ایسے میں سوال یہ ہے کہ کیا اس ملک میں کسی اور ادارے کو کوئی آئینی حق حاصل نہیں ہے؟

انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ ججز اور پی ٹی آئی کے مشترکہ مفادات نے ملک کو فسادات کی نذر کر دیا ہے۔

سلمیٰ بٹ نے کہا کہ نواز شریف 2023 کے عام انتخابات سے قبل پاکستان لوٹ آئیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp