سہیل آفریدی کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملی تو کابینہ کی تشکیل کیسے ہوگی؟ بیرسٹر گوہر نے بتا دیا

منگل 21 اکتوبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ اگر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملی تو صوبائی کابینہ کو محدود رکھا جائے گا۔

اڈیالہ جیل میں بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے لیے روانگی کے دوران پولیس نے بیرسٹر گوہر کو داہگل ناکے پر روک لیا، جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یہ مؤقف اختیار کیا۔

انہوں نے کہاکہ اگر وزیراعلیٰ کو ملاقات سے روکا گیا تو ہم مختصر کابینہ تشکیل دینے کا فیصلہ کریں گے، کیونکہ صوبے کو مکمل طور پر کابینہ کے بغیر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ بعد ازاں کابینہ میں توسیع بانی چیئرمین کی ہدایت پر کی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر گوہر نے وضاحت کی کہ انہیں اس بات کا علم نہیں کہ خیبر پختونخوا حکومت کو کتنی گاڑیاں فراہم کی گئی تھیں، تاہم جو گاڑیاں دی گئیں وہ پہلے اقوامِ متحدہ کے استعمال میں رہ چکی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاق کی ذمہ داری ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کو بہترین گاڑیاں فراہم کرے۔ پی ٹی آئی ہر قسم کی دہشتگردی کے خلاف ہے اور نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد ضروری ہے۔

انہوں نے واضح کیاکہ دہشتگردی جیسے حساس معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ نیشنل ایکشن پلان میں یہ بات شامل ہے کہ صوبوں کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے تاکہ وہ دہشتگردی کے خلاف مؤثر کردار ادا کرسکیں۔

افغان مہاجرین سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ انہیں واپس بھیجنے کے لیے ایک واضح ٹائم فریم طے ہونا چاہیے، مگر انہیں ذلت آمیز طریقے سے واپس نہیں بھیجنا چاہیے۔ ہم چاہتے ہیں یہ لوگ واپس جا کر ہمارے لیے خطرہ نہ بنیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف افغانستان سمیت کسی بھی ملک کی سرزمین استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی وزیراعظم کے بلائے گئے اجلاس میں عدم شرکت کو غیرضروری تنازع نہیں بنانا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ سہیل آفریدی کی بانی چیئرمین سے ملاقات کی درخواست بالکل جائز تھی، جیسا کہ ماضی میں نواز شریف اور آصف زرداری سے بھی مختلف شخصیات ملاقاتیں کرتی رہی ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ توقع ہے ہائیکورٹ کی اجازت سے وزیراعلیٰ کی بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات ہو جائے گی، تاہم اگر ایسا نہ ہوا تو صوبائی حکومت کو کابینہ کے بغیر نہیں چھوڑا جا سکتا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مختصر کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو مکمل اختیار حاصل ہوگا کہ وہ کس کو شامل کرنا مناسب سمجھتے ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی چیئرمین کی ہدایت پر محمود خان اچکزئی کی بطور اپوزیشن لیڈر نامزدگی کی درخواست قومی اسمبلی میں جمع کرادی گئی ہے، جس پر 74 اراکین اسمبلی نے دستخط کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سہیل آفریدی کسی غلط فہمی کا شکار نہ ہوں، بلیک میلنگ کی سیاست نہیں چلے گی، طلال چوہدری

انہوں نے بتایا کہ این اے 18 ہری پور کے حلقے پر ہمیں اسٹے نہیں ملا، اور بانی چیئرمین نے اس نشست کے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کی اجازت دے دی ہے۔ اس نشست پر عمر ایوب کی اہلیہ کے کاغذات نامزدگی جمع ہو چکے ہیں۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 400 ووٹوں سے شکست پارٹی کے لیے تشویش ناک ہے، ہمیں اس نتیجے پر افسوس ہوا ہے اور ہم اسے سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

کینیا کے شہریوں کی یوکرین میں فوجی بھرتی بند کرنے پر روس کا اتفاق

اسٹاک ایکسچینج میں اتار چڑھاؤ کے بعد استحکام، انڈیکس میں 837 پوائنٹس کا اضافہ

پاکستان کے فضائی حملوں میں کابل کے اسپتال کو نشانہ بنائے جانے کے دعوؤں کی پاکستان کی جانب سے تردید

پنجاب میں ایگری انٹرن پروگرام کے مثبت اثرات، گندم کی پیداوار میں اضافہ

انجری کے بعد واپسی مشکل، نیمار ایک بار پھر برازیل کے اسکواڈ سے باہر

ویڈیو

اسلام آباد کا عید بازار جہاں خواتین کے لیے رنگ برنگے اسٹالز موجود ہیں

وی ایکسکلوسیو، شہباز شریف عوام کو ریلیف بجٹ دیں اور بتائیں کہ موجودہ مشکلات ختم ہوجائیں گی: خرم دستگیر

کیا آپ کی غلطیاں آپ کو جینے نہیں دے رہیں، دل کو ری سیٹ کیسے کریں؟

کالم / تجزیہ

پاک افغان تعلقات: ایک پہلو یہ بھی ہے

صحافت کا افتخار اور فیض صاحب کا مرثیہ

کھلے دل سے اعتراف اور قصہ ’رمضان عیدی‘کا